کے کویتا کی والد سے جذباتی ملاقات، کے سی آر نے بیٹی کو گلے لگالیا
کے سی آر، اپنی بیٹی کو دیکھنے کیلئے پر جوش دکھائی دے رہے تھے کیونکہ انہوں نے 5ماہ سے زائد عرصہ کے بعد اپنی دختر سے ملاقات کی۔ بیٹی کی آمد پر کے سی آر کے گھر میں جشن کا منظر تھا۔

حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کی ایم ایل سی، کے کویتا جو دہلی اکشائز پالیسی اسکام میں 5 ماہ سے زائد عرصہ تک جیل میں رہنے کے بعد رہاہوئی ہیں، نے جمعرات کے روز اپنے والد، پارٹی سربراہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔
کویتا جو چہارشنبہ کی شب حیدرآباد پہونچی تھیں، آج اپنے والد کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کے لئے ضلع سدی پیٹ کے ایراویلی فام ہاوز، روانہ ہوئی۔ ان کے ساتھ ان کے شوہر ڈی انیل کمار، فرزند آدتیہ بھی موجو دتھے۔ کویتا فام ہاوز پہونچنے کے بعد اپنے والد کے پیر چھوئے اور انہوں نے اپنی بیٹی کو گلے لگا لیا۔
رہائش گاہ پہونچنے پر بی آر ایس قائدین اور اسٹاف نے کویتا کو روایتی طور پر خیر مقدم کیا۔ وہ، اپنے والد سے ملاقات کیلئے اندر چلی گئیں۔ کے سی آر، اپنی بیٹی کو دیکھنے کیلئے پر جوش دکھائی دے رہے تھے کیونکہ انہوں نے 5ماہ سے زائد عرصہ کے بعد اپنی دختر سے ملاقات کی۔ بیٹی کی آمد پر کے سی آر کے گھر میں جشن کا منظر تھا۔
کیونکہ بی آر ایس کے چند قائدین اور دیگر کویتا کا خیرمقدم کرنے کیلئے فام ہاوز پہونچے تھے۔ کل رات، حیدرآباد پہونچنے کے بعد کویتا نے اپنی ماں شوبھا سے ملاقات کی تھی۔ وہ بیٹی سے ملنے کیلئے ایراویلی سے حیدرآباد پہونچی تھیں۔
ایم ایل سی، اپنے بھائی کے ٹی آر کے ساتھ، دہلی سے کل رات شمس آباد ایر پورٹ پہونچی تھیں۔ کے ٹی آر، جمعرات کے روز خاندانی دورہ پر امریکہ روانہ ہوگئے۔ تقریباً ساڑھے 5ماہ کے بعد کویتا ایکس پر دوبارہ سرگرم ہوگئیں۔ چہارشنبہ کی شب حیدرآباد کے مکان پہونچنے کے بعد شوہر اور بھائی(کے ٹی آر) کی جانب سے کئے گئے خیر مقدم کی تصویر کو ایکس پوسٹ کیا۔
انہوں نے تلگو میں ”ستیہ میووجیتے“ تحریر کیا۔ بعدازاں انہوں نے ایراویلی فام ہاوز میں والد کے سی آر کی جانب سے انہیں گلے لگائے جانے والی تصویر کو بھی ایکس پر پوسٹ کیا۔