تلنگانہ

کریم نگر: اصلاح معاشرہ جلسہ میں علماء کا پیغام: مسلمان اپنی زندگی کو اللہ کے حکم اور نبی کریمﷺ کے طریقے کے مطابق بنائیں

جمعیۃ علماء تلنگانہ کے زیر اہتمام اور جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر کے زیر انتظام، ۸ ستمبر بروز اتوار، بعد عشاء مدھو گارڈن، شاہ صاحب محلہ میں جلسۂ اصلاح معاشرہ و شعوری بیداری مہم کا انعقاد کیا گیا۔

کریم نگر: جمعیۃ علماء تلنگانہ کے زیر اہتمام اور جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر کے زیر انتظام، ۸ ستمبر بروز اتوار، بعد عشاء مدھو گارڈن، شاہ صاحب محلہ میں جلسۂ اصلاح معاشرہ و شعوری بیداری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجلاس کی سرپرستی حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب (صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا) اور نگرانی حضرت مفتی محمد یونس القاسمی (صدر جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر) نے کی۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد، شراب کی فروخت میں سرفہرست
نرساپور میں جمعیۃ علماء ضلع میدک کا جلسہ: اصلاح معاشرہ پر زور
نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے: صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ کا مطالبہ
دسہرہ کے موقع پر آر ٹی سی مسافرین سے زیادہ کرایہ کی وصولی پر تنقید
شریعت پر عمل سے اللہ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے: مفتی وجیہ اللہ سبحانی کا خطاب

اس جلسہ کے مہمان خصوصی، ریاست کے ممتاز عالم دین حضرت مولانا عتیق احمد صاحب قاسمی (ناظم گلشن خیر النساء، ظہیر آباد) نے اپنے خطاب میں اسلامی تعلیمات اور نبی کریمﷺ کی سنت کے مطابق شادیوں کو انجام دینے کی تاکید کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جس شادی میں اسلامی تعلیمات کو نظرانداز کیا جائے اور سنت کے مطابق نہ ہو، ایسی شادیوں میں خیر و برکت نہیں ہوتی۔ مولانا نے شادی کے موقع پر ہونے والی غیر اسلامی رسومات کو ترک کرنے اور نبی کریمﷺ کی اتباع کے مطابق نکاح کو انجام دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اکل حلال ہی سے زندگی میں سکون آتا ہے اور اولاد نیک و فرماں بردار ہوتی ہے۔

مولانا عرفان قاسمی، مبلغ دارالعلوم دیوبند، نے اپنے خطاب میں اطاعت الٰہی اور اطاعت رسولﷺ پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ انسان کا کمال یہ ہے کہ وہ اللہ کے حکم کو نبی کریمﷺ کے طریقے کے مطابق انجام دے۔ جو نبی کریمﷺ کی اطاعت کرے گا، وہ دونوں جہانوں میں کامیاب ہوگا۔ مولانا نے کہا کہ دین کا مطلب اپنی مرضی اور خواہش کو قربان کرکے اللہ کے حکم کو نبی کریمﷺ کے طریقے کے مطابق اختیار کرنا ہے۔

مقامی مقرر مفتی عبدالحمید صاحب قاسمی، صدر دینی تعلیمی بورڈ کریم نگر، نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی، ناظم فیض العلم کریم نگر، نے اصلاح معاشرہ کے عنوان پر بیان کیا۔

مفتی محمد صادق حسین قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر، نے جمعیۃ علماء کریم نگر کی خدمات کا تعارف کروایا اور کہا کہ جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا، ریاست بھر میں گذشتہ کئی سالوں سے اصلاح معاشرہ کے جلسے منعقد کر رہی ہے، جس میں دارالعلوم دیوبند کے مبلغین تشریف لاتے ہیں اور قیمتی خطابات سے مستفید کرتے ہیں۔ اس سال کے عشرہ اصلاح معاشرہ کا پہلا جلسہ کریم نگر میں منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر حافظ سید رضوان صاحب فلاحی، خازن جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر، مولانا محمد مزمل اسعدی صاحب، حافظ محمد ضیاءاللہ خان صاحب، نائب صدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر، مولانا محمد حیدر اسعدی صاحب، حافظ عمران بیگ صدر جمعیۃ علماء حضور آباد، جناب غلام احمد حسین صاحب، صدر مجلس اتحادالمسلمین کریم نگر، مولانا عبدالباری ممشاد قاسمی صاحب، مولانا خواجہ معین الدین فرقان قاسمی صاحب، حافظ ذیشان، حافظ اصغرعلی صاحب، حافظ خواجہ فرقان الدین سمیت علماء، حفاظ اور سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مدرسہ کاشف العلوم کے طلباء نے قراءت و نعتِ رسولﷺ پیش کی اور مولانا خواجہ کلیم الدین اسعدی صاحب کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں، مولانا عرفان قاسمی صاحب نے خواتین کے اجتماع سے خطاب کیا اور خواتین کی دینی ذمہ داریوں اور اصلاح معاشرہ میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔