مودی کے تعلق سے کھرگے کے ریمارکس بھدے نہیں: پون کھیڑا
کانگریس کے قومی ترجمان پون کھیڑا نے پیر کے دن مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس الزام کو خارج کردیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ملیکارجن کھرگے کے ریمارکس ”بھدے“ ہیں۔

نئی دہلی(آئی اے این ایس)کانگریس کے قومی ترجمان پون کھیڑا نے پیر کے دن مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس الزام کو خارج کردیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ملیکارجن کھرگے کے ریمارکس ”بھدے“ ہیں۔
پون کھیڑا نے کہا کہ کانگریس صدر نے ملک کو بی جے پی سے آزاد کرانے کیڈر کو نئی توانائی کے ساتھ کام کرنے کا حوصلہ دیا۔ انہوں نے آئی اے این ایس سے بات چیت میں کہا کہ کانگریس صدر نے یہ کہتے ہوئے بڑی حب الوطنی کا مظاہرہ کیا کہ وہ وزیراعظم مودی کو عہدہ سے ہٹانے تک مریں گے نہیں۔
ہمیں اتوار کے دن کھرگے جی کی تقریر سے بڑا حوصلہ ملا۔ ہم فخر محسوس کررہے ہیں کہ ہم ملک میں تحریک ِ آزادی چلارہے ہیں۔ ہم اپنے ملک کو بی جے پی والوں سے آزاد کرائیں گے۔ کھرگے نے اتوار کے دن جموں وکشمیر میں انتخابی ریالی سے خطاب میں کہا تھا کہ میں 83 سال کا ہوں۔ میں جلدی مرنے والا نہیں۔
میں مودی کو اقتدار سے ہٹانے تک زندہ رہوں گا۔ جلسہ سے خطاب کے دوران کھرگے نے بے چینی محسوس کی۔ وہ تھوڑی دیر بیٹھ گئے۔ مختصر وقفہ کے بعد انہوں نے اپنی تقریر جاری رکھی تھی۔
پون کھیڑا نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں وقف ترمیمی بل لانے کے امیت شاہ کے دعویٰ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ایوان میں جس وقت بی جے پی کے 303 ارکان تھے اس وقت یہ بل کیوں نہیں لایا گیا۔ اب بی جے پی والے ناگپور کو بے وقوف بنانے اسے لارہے ہیں۔ ناگپور (آر ایس ایس) بھی یہی سوال اٹھارہا ہے۔ اب دیکھنا ہے ناگپور‘ اُلو بنتا ہے یا نہیں۔