کے ایل راہول نے آر سی بی میں واپسی کا اشارہ دیا
ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز کے ایل راہول اس وقت چینائی میں ہونے والی ٹسٹ سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن ان سب کے درمیان انڈین پریمیر لیگ میں ان کے مستقبل کو لے کر سوال اٹھ رہے ہیں۔

بنگلورو: ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز کے ایل راہول اس وقت چینائی میں ہونے والی ٹسٹ سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن ان سب کے درمیان انڈین پریمیر لیگ میں ان کے مستقبل کو لے کر سوال اٹھ رہے ہیں۔
سب کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ کیا راہول جنہوں نے لکھنو سوپر جائنٹس کی مسلسل 3 سیزن تک کپتانی کی، اگلے سیزن میں بھی فرنچائز کا حصہ رہیں گے۔ ایسے وقت میں ان کی اپنی پرانی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور میں واپسی کی قیاس آرائیاں بھی عروج پر ہیں اور اب راہول نے خود اس بارے میں بڑا اشارہ دے کر سنسنی پیدا کردی ہے۔
راہول کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے دوبارہ بنگلور واپسی کی امید ظاہر کی ہے۔ اس وقت ہندوستانی کرکٹ میں راہول کی صورتحال ایسی ہے کہ وہ کسی بھی ٹیم میں ہوں تو سوالات اور بحث ہوتی ہے۔
ان کے انتخاب اور پھر بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے پلیئنگ الیون میں ان کی جگہ کے حوالے سے کافی شور ہوا۔ انہیں پہلے ٹسٹ کیلئے جگہ ملی اور پلیئنگ 11 میں ان کے شامل ہونے کا ہرممکن امکان ہے لیکن سب نے اسے پسند نہیں کیا۔
اسی طرح آئی پی ایل میں بھی گزشتہ سیزن کی کارکردگی میں وہ کپتانی اور بیٹنگ دونوں محاذوں پر ناکام ثابت ہوئے۔ راہول کے آئندہ سال ہونے والی میگا نیلامی سے پہلے فرنچائز تبدیل کرنے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور اب ایک ویڈیو میں انہوں نے آر سی بی میں واپسی کا اشارہ دیا ہے۔
اس ویڈیو میں ایک مداح نے راہول سے کہاکہ وہ آر سی بی کو پسند کرتے ہیں اور راہول کو اس فرنچائز میں واپس دیکھنا چاہتے ہیں، جس پر راہول نے پہلے کچھ نہیں کہا۔
اس کے بعد مداح نے راہول سے کہاکہ وہ ان سے واضح طورپر کچھ کہنے کو نہیں کہہ رہے ہیں لیکن کہاکہ وہ انہیں دوبارہ آر سی بی میں مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے دیکھنا چاہتے ہیں اور اس بار راہول نے اشارہ بھی دیا۔ راہول نے صرف اتنا کہاکہ آئیے امید کرتے ہیں۔