کھیل

زخمی کے ایل راہول آئی پی ایل سے باہر

راہل کا کیریئر حالیہ دنوں اتار چڑھاؤ سے بھرا ہوا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں خراب فارم کے بعد، انہیں نائب کپتان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا اورساتھ ہی انہوں نے ٹیسٹ الیون میں بھی اپنی جگہ کھو دی۔

لکھنؤ: لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہل گزشتہ ہفتے پیرکی انجری کے باعث انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے موجودہ سیزن سے باہر ہو گئے ہیں، فرنچائزی نے جمعہ کو اس کی تصدیق کی۔ سپر جائنٹس نے بتایا کہ راہل کو سرجری کی ضرورت ہوگی اور وہ "طویل وقت تک” کرکٹ سے دور رہیں گے۔

متعلقہ خبریں
پولارڈ، راشد خان کی جگہ کیپ ٹاون ممبئی انڈینس کے کپتان
مجھے اس سیزن میں صحیح مواقع نہیں ملے: عمران ملک
کے ایل راہول نے آر سی بی میں واپسی کا اشارہ دیا
نوین الحق نے کوہلی‘کوہلی کے نعروں پر خاموشی توڑی
ولیمسن نے فٹنس حاصل کرلی، ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہوں گے

اس کا مطلب ہے کہ لندن کے اوول گراؤنڈ میں 7 جون سے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں بھی راہل کا کھیلنا مشکل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ لکھنؤ کے ایکنا اسٹیڈیم میں گزشتہ ہفتے سپر جائنٹس اور رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے درمیان کھیلے گئے میچ کی پہلی اننگ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے راہل زخمی ہوگئے تھے۔

 وہ اس وقت ٹیم اسٹاف کی مدد سے میدان سے باہر چلے گئے اور سپر جائنٹس کی جانب سے 127 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے بھی نہیں اترے تھے۔ تاہم، انہوں نے سپر جائنٹس کی 18 رنز کی شکست میں 11 ویں نمبر پر آکرتین گیندوں کا سامنا کیاتھا۔

سپر جائنٹس اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پرہے۔ راہل کی غیر موجودگی میں کرونال پانڈیا ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ انہوں نے چنئی سپر کنگز کے خلاف آخری میچ میں بھی کپتانی کی تھی، حالانکہ وہ میچ بارش کی نذر ہوگیاتھا۔

راہل کا کیریئر حالیہ دنوں اتار چڑھاؤ سے بھرا ہوا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں خراب فارم کے بعد، انہیں نائب کپتان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا اورساتھ ہی انہوں نے ٹیسٹ الیون میں بھی اپنی جگہ کھو دی۔

 انہوں نے نومبر 2022 میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کی شکست کے بعد سے کوئی ٹی20 انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے۔ ایک روزہ کرکٹ واحد فارمیٹ ہے جہاں وہ ہندوستان کے لیے مڈل آرڈر بلے باز کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپر کا کردار ادا کررہے ہیں۔

راہل ڈبلیو ٹی سی فائنل میں بھی ہندوستان کے لیے وکٹ کیپر بلے باز کا کردار ادا کر سکتے تھے، حالانکہ اس چوٹ کے بعد ہندوستان کو ناتجربہ کار شریکر بھرتھ پر انحصار کرنا پڑ سکتا ہے۔