مہاراشٹرا انتخابات: مولانا سجاد نعمانی نے مہا وکاس اگھاڑی اور دیگر امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا
ن انتخابات کا اثر صرف صوبے کے مستقبل پر ہی نہیں، بلکہ پورے ملک کے مستقبل پر بھی پڑنے والا ہے۔ مولانا سجاد نعمانی نے مزید کہا کہ ہر انتخابی عمل ملک میں جمہوریت کی بقا کی ضمانت ہوتا ہے، مگر موجودہ وقت میں یہ انتخابات خاص طور پر اہمیت رکھتے ہیں۔
ممبئی: عالمی شہرت یافتہ مسلم رہنما مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے بدھ کے روز ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے بیان میں کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا بالکل مناسب ہوگا کہ مہاراشٹر کے 2024 اسمبلی انتخابات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہوچکے ہیں۔
ان انتخابات کا اثر صرف صوبے کے مستقبل پر ہی نہیں، بلکہ پورے ملک کے مستقبل پر بھی پڑنے والا ہے۔ مولانا سجاد نعمانی نے مزید کہا کہ ہر انتخابی عمل ملک میں جمہوریت کی بقا کی ضمانت ہوتا ہے، مگر موجودہ وقت میں یہ انتخابات خاص طور پر اہمیت رکھتے ہیں۔
مولانا سجاد نعمانی نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ ہم نے اور ہماری پوری ٹیم نے پچھلے ایک ماہ میں مہاراشٹر کے ممتاز رہنماؤں، دانشوروں اور مختلف سماجی طبقوں کے افراد سے ملاقاتیں کیں اور اسمبلی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔ ان تمام مشوروں اور گہرے غور و خوض کے بعد، ہماری ٹیم نے یہ فیصلہ کیا کہ ملک کی سالمیت، اتحاد اور ہمارے آئین کے تحفظ کے پیش نظر ہمیں ایک خاص حکمت عملی اپنانی چاہیے۔
مولانا نعمانی نے مزید کہا کہ ہم نے ہر اسمبلی سیٹ کا گہرائی سے جائزہ لیا اور تفصیلی تحقیق کے بعد فیصلہ کیا کہ ہم مہا وکاس اگھاڑی کے 269 امیدواروں کی تائید کریں گے۔ اس کے علاوہ، چند مخصوص سیٹوں پر ہم دوسری جماعتوں کے امیدواروں کی بھی تائید کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ ان میں 169 مراٹھا اور او بی سی امیدوار، 40 لنگایت، جین اور دیگر طبقات کے نمائندے، 53 ایس سی ایس ٹی سماج کے امیدوار اور 23 مسلم امیدوار شامل ہیں۔
مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ ہم ان تمام امیدواروں کی کامیابی کے لئے دل سے دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ منتخب امیدوار ملک کی ترقی، سالمیت اور آئین کے تحفظ کے لیے بھرپور انداز میں کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بھی امید رکھتے ہیں کہ ان انتخابات کے نتائج کے ذریعے جمہوریت اور ملک کے دستور کو مزید مضبوط کیا جائے گا، جبکہ جمہوریت کے خلاف کام کرنے والی طاقتوں کو کمزور کیا جائے گا۔
آخر میں، مولانا سجاد نعمانی نے مہاراشٹر کے تمام ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقِ رائے دہی کا سو فیصد استعمال کریں اور اپنے صوبے اور ملک کے مستقبل کو سنوارنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔