مہاراشٹر: بدلاپور میں ٹرک اور کار کی ٹکر، ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق، چار زخمی
حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش میں پولیس سرگرم ہے۔ بدلاپور پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے معاملہ درج کر کے تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے اور واقعہ کے ہر پہلو کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ شہریوں میں اس حادثے کے بعد شدید رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تھانے: تھانے ضلع کے بدلاپور علاقے میں ہفتہ کی صبح ایک دردناک سڑک حادثے میں دو افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ سانحہ والیوالی چیک پوسٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک کارگو ٹرک اچانک بے قابو ہو کر ایک کار سے ٹکرا گیا اور اس کے بعد چار مزید گاڑیوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ ٹرک بدلاپور سے ایرنجدل کی سمت جا رہا تھا کہ راستے میں توازن کھونے کے باعث فور وہیلر گاڑی سے ٹکرا گیا۔ تصادم کی شدت اتنی شدید تھی کہ ایک خاتون نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ ایک رکشہ ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال لے جاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔ اس بھیانک واقعے میں مجموعی طور پر چار افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔