حیدرآباد

حائیڈرا کی مدینہ گوڑہ میں بڑی کارروائی، 1000 گز پارک کی زمین غیر مجاز قبضوں سے محفوظ

حیدرآباد کے مضافاتی علاقے مدینہ گوڑہ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران حائیڈرا (HYDRAA) نے عوامی مفاد میں مختص 1000 گز پر مشتمل پارک کی زمین کو ناجائز قبضے سے بچا لیا۔

حیدرآباد کے مضافاتی علاقے مدینہ گوڑہ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران حائیڈرا (HYDRAA) نے عوامی مفاد میں مختص 1000 گز پر مشتمل پارک کی زمین کو ناجائز قبضے سے بچا لیا۔ رنگاریڈی ضلع کے سری لنگم پلی منڈل کے مدینہ گوڑہ گاؤں میں واقع یہ زمین تقریباً 13 کروڑ روپے مالیت کی بتائی جا رہی ہے، جس پر طویل عرصے سے غیر قانونی قبضہ قائم تھا۔

یہ پارک زمین سروے نمبر 23 میں واقع اُشودیا اینکلیو لے آؤٹ کا حصہ ہے، جسے ہُدیٰ کی منظوری حاصل ہے۔ لے آؤٹ میں واضح طور پر 1000 گز زمین پارک کے لیے مختص کی گئی تھی اور اس سلسلے میں جی ایچ ایم سی کو باقاعدہ گفٹ ڈیڈ بھی دی جا چکی ہے۔ اس کے باوجود مقامی طور پر ایک بااثر شخص نے اس زمین پر قبضہ کرتے ہوئے چاروں طرف پری کاسٹ دیوار تعمیر کر لی تھی اور عوامی استعمال کو روک دیا تھا۔

اُشودیا اینکلیو کے مکین طویل عرصے سے اس پارک کی بحالی کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔ تمام قانونی دستاویزات موجود ہونے کے باوجود مقامی انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، جس کے بعد رہائشیوں نے حائیڈرا پرجاوانی میں شکایت درج کرائی۔

شکایت موصول ہونے کے بعد حائیڈرا نے ریونیو اور جی ایچ ایم سی حکام کے ساتھ مشترکہ طور پر موقع کا معائنہ کیا۔ تمام ریکارڈز اور لے آؤٹ منظوریوں کی جانچ کے بعد اس بات کی تصدیق کی گئی کہ مذکورہ زمین پارک کے لیے ہی مختص ہے۔ اس کے بعد پیر کے روز کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی دیوار منہدم کر دی گئی اور پوری زمین کے گرد حائیڈرا کی جانب سے فینسنگ نصب کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی بورڈز بھی لگائے گئے جن پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ زمین عوامی پارک کے لیے محفوظ ہے۔

حائیڈرا حکام کا کہنا ہے کہ فینسنگ کا مقصد آئندہ کسی بھی قسم کے قبضے کو روکنا اور زمین کو عوامی استعمال کے لیے محفوظ بنانا ہے۔ اس کارروائی سے مقامی عوام میں اطمینان پایا جا رہا ہے اور رہائشیوں نے حائیڈرا کے فوری اور فیصلہ کن اقدام کی ستائش کی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ پارک بچوں، بزرگوں اور خاندانوں کے لیے نہایت ضروری ہے اور ایسے اقدامات سے عوامی اثاثوں کا تحفظ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں جہاں کہیں بھی پارکوں یا سرکاری زمینوں پر قبضے ہیں، وہاں بھی اسی طرح سخت کارروائی کی جائے۔