میتھیو ویڈ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے، وہ پاکستان کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا کے کوچ کے طور پر نظر آئیں گے۔
سڈنی: وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے، وہ پاکستان کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا کے کوچ کے طور پر نظر آئیں گے۔
ویڈ نے کہا، "میں جانتا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں میرا وقت ختم ہونے والا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اور کوچنگ کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے گزشتہ چھ ماہ سے جارج (بیلی) اور اینڈریو (میکڈونلڈ) کے ساتھ بات چیت ہورہی تھی۔ "میں پچھلے کچھ برسوں سے کوچنگ کے بارے میں سوچ رہا تھا اور میں اس نئے کردار کے لیے بہت پرجوش اور شکر گزار ہوں۔”
ویڈ اس سے قبل مارچ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ ویڈ جون میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے اور اس کے بعد ستمبر میں دورہ انگلینڈ کے دوران ویڈ کو آسٹریلوی ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔
ویڈ بی بی ایل اور دیگر فرنچائز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔ وہ بی بی ایل میں ہوبارٹ ہریکینز کا حصہ ہیں۔ وہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آندرے بورووک کی زیر قیادت کوچنگ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ غیر سرکاری طور پر وہ ون ڈے سیریز کے دوران آسٹریلیا کی کوچنگ ٹیم سے بھی منسلک رہیں گے۔ اینڈریو میکڈونلڈ کی قیادت میں کوچنگ ٹیم ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کرے گی۔
ویڈ نے 2011 سے 2024 کے درمیان آسٹریلیا کے لیے کل 36 ٹیسٹ، 97 ون ڈے اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آسٹریلیا کی ٹی20 ورلڈ کپ جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ سیمی فائنل میں انہوں نے پاکستان کے خلاف 17 گیندوں پر 41 رنز بنائے تھے۔