اے پی وتلنگانہ میں سڑک حادثات‘ 9 افراد ہلاک
تلنگانہ اورآندھراپردیش میں ہفتہ کی شب سے پیش آئے 4 مختلف سڑک حادثات میں جملہ 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

حیدرآباد/وجئے واڑہ: تلگوکی دونوں ریاستوں تلنگانہ اورآندھراپردیش میں ہفتہ کی شب سے پیش آئے 4 مختلف سڑک حادثات میں جملہ 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ وشاکھاپٹنم میں اتوار کی صبح ایک فلائی اوور پر ایک ایس یووی گاڑی نے دوبائیکس کوٹکردے دی جس کے نتیجہ میں 2طلبہ ہلاک اورایک زخمی ہوگیا۔
یہ حادثہ تلگوتلی فلائی اوور پراس وقت پیش آیا جبکہ ایک ٹاٹا ہاریر کی ڈرائیونگ کرنے والے ایک شخص جوبتایا گیا کہ حالت نشہ میں تھا‘نے ایک بائک اور ایک اسکوٹی کو رونددیا جس کے سبب بائک پر سوار یہ نوجوان‘فلائی اوور سے نیچے گرپڑے اور ہاسپٹل منتقل کرنے کے دوران اس نے دم توڑدیاجبکہ ایک اورطالب علم‘ہاسپٹل میں دوران علاج زخموں سے جانبرنہ ہوسکا۔
اس طرح تیسرے طالب علم کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ ایس یووی گاڑی چلانے والا شخص‘الکہل کے نشہ میں تھا۔ وہ ہفتہ کی شب ایک پارٹی میں شراب نوشی کے بعد مکان واپس ہورہا تھا یہ واقعہ پیش آیا۔ضلع گنٹورکے تینالی میں ایک تیزرفتار بائک کی ٹکر سے 8سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
مہلوک کی شناخت رقیہ کے طورپر کی گئی۔ یہ لڑکی‘ اپنی ماں کوجوحیدرآباد جارہی تھیں‘وداع کرنے کے بعد ہفتہ کی شب سڑک عبور کررہی تھی کہ ایک تیز رفتار بائک نے اس کمسن کوٹکر دے دی جس کے سبب رقیہ شدیدزخمی ہوگئی اور اسے وجئے واڑہ کے ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں اتوار کے روز وہ زخموں سے جانبرنہ ہوسکی۔
اے پی کے ضلع اننت پور میں آج صبح ایک ٹریکٹر کے الٹ جانے سے اس پر سوار ایک کسان جوڑا ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 45 سالہ ایشور ریڈی اور اس کی اہلیہ 39 سالہ سورنا اماں‘کھیت میں کام مکمل ہونے کے بعد ٹریکٹر کے ذریعہ مکان واپس ہورہے تھے کہ ان کا ٹریکٹر جس میں وہ سوار تھے الٹ گیا۔
یہ حادثہ بیلوگپا منڈل کے موضع نکالاپلی کے قریب پیش آیا۔ تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں اتوار کی صبح پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں 2 نوجوان ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جبکہ ایک ٹریکٹر نے بائک پر سوار دو نوجوانوں کورونددیا جس کے نتیجہ میں دو نوجوان ہلاک ہوگئے۔
مہلوکین کی شناخت 16سالہ راجواور 19 سالہ مدھو کی حیثیت سے کی گئی۔شہر حیدرآباد میں پیش آئے ایک اور حادثہ میں ایک طالب علم ہلاک اورایک سافٹ ویئر انجینئر زخمی ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ نارسنگی ٹول گیٹ پر ایک ٹپر نے ایک موٹر سیکل کو پیچھے سے ٹکردے دی جس کے نتیجہ میں 24 سالہ پی پاپیا ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی سافٹ ویئرانجینئر وینکٹ کرشنا زخمی ہوگیا‘ پاپیا‘ ضلع پرکاشم کامتوطن تھا۔