مدھیہ پردیش میں وزراء کے بیٹوں کی دھمکیاں: کانگریس نے بی جے پی حکومت پر سوال اٹھائے
مدھیہ پردیش کے قدآور وزیر پرہلاد پٹیل کے بیٹے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مدھیہ پردیش کانگریس نے حکومت کو گھیرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں عوام وزراء کے بیٹوں کی دہشت پرداشت کرنے کے لئے مجبورہیں۔
بھوپال (یواین آئی) مدھیہ پردیش کے قدآور وزیر پرہلاد پٹیل کے بیٹے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مدھیہ پردیش کانگریس نے حکومت کو گھیرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں عوام وزراء کے بیٹوں کی دہشت پرداشت کرنے کے لئے مجبورہیں۔
یہ ویڈیو ریاستی کانگریس کے سرکاری ایکس ہینڈل سے وائرل کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں پٹیل کے بیٹے پربل پٹیل مبینہ طور پر کچھ پولیس والوں کو دھمکیاں دیتے اور بدسلوکی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ریاستی کانگریس کے اس ہینڈل پر ویڈیو کے ساتھ ایک پوسٹ بھی کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے،جانتے نہیں پاپا منتری ہیں اور ہم دبنگ!! تمہاری وردی اتروادیں گے!!!
ریاستی حکومت کے وزیر پرہلاد سنگھ پٹیل کے بیٹے پربل جبل پور میں ایک بزرگ جوڑے کو ٹکر مارنے کے بعد پولیس والوں کو اس طرح دھمکی دی! بی جے پی کے دور حکومت میں، عام لوگ وزیر کے بیٹوں کی دہشت برداشت کرنے پر مجبور ہیں، پہلے نریندر شیواجی پٹیل، اب پرہلاد پٹیل…کرسی کی گرمی کا پوراستعمال ان کے بیٹے اپنی دھاک جمانے کے لئے کر رہے ہیں!! یہ ویڈیو جبل پور کا بتایا جا رہا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ پربل پٹیل نے جبل پور کے ایک بازار میں پہلے ایک ڈاکٹر جوڑے کو اپنی کار سے ٹکر ماری اور پھر اس معاملے پر پولیس والوں کے ساتھ بدتمیزی کی۔ ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ پربل کا جارحانہ رویہ بھی نظر آ رہا ہے۔
اس سے پہلے ریاست کے وزیر مملکت برائے صحت نریندر شیواجی پٹیل کے بیٹے ابھیگیان پٹیل پر بھی ہوٹل آپریٹر جوڑے کے ساتھ مارپیٹ اوراس معاملے میں پولیس کی مداخلت پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
تین دن پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ کے بھائی اور پارٹی ایم ایل اے لکشمن سنگھ کے بیٹے آدتیہ وکرم سنگھ کے بیٹے کا بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں وہ ایک معاملے پر پولیس والوں سے بحث کرتے ہوئے نظر آئے تھے۔ اس ویڈیو میں آدتیہ وکرم سنگھ کو پولیس اہلکاروں پر سگریٹ پھونکتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ اس پر انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔