جنتر منتر کے اطراف موبائل انٹرنیٹ اور میٹرو خدمات معطل
ذرائع کے مطابق موبائل انٹرنیٹ کی معطلی کا وقت مزید بڑھا کر جمعہ دوپہر 12 بجے تک کر دیا گیا ہے۔ ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے پیغامات میں کہا گیا ہے کہ "حکومتی ہدایات کے مطابق آپ کے علاقے میں انٹرنیٹ خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔"
نئی دہلی: کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے دھرنے اور احتجاج کے پیشِ نظر سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جنتر منتر کے اطراف موبائل انٹرنیٹ سروس اور میٹرو خدمات عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق موبائل انٹرنیٹ کی معطلی کا وقت مزید بڑھا کر جمعہ دوپہر 12 بجے تک کر دیا گیا ہے۔ ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے پیغامات میں کہا گیا ہے کہ "حکومتی ہدایات کے مطابق آپ کے علاقے میں انٹرنیٹ خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔”
دوسری جانب دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے جمعرات کی رات جاری کردہ تازہ اطلاع میں بتایا کہ جمعہ صبح 7:30 بجے سے آئندہ احکامات تک 17 میٹرو اسٹیشن بند رہیں گے۔
بند کیے گئے اسٹیشنوں میں لوک کلیان مارگ، راجیو چوک، پٹیل چوک، رام کرشن آشرم مارگ، باراکھمبا روڈ، سپریم کورٹ، سیوا تیرتھ، جن پتھ، منڈی ہاؤس، مرکزی سکریٹریٹ، آئی ٹی او، دہلی گیٹ، اندرپرستھ، خان مارکیٹ، جور باغ، شیواجی اسٹیڈیم اور جھنڈےوالان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سی جے پی کی اپیل پر پیر کو نکالے گئے پارلیمنٹ مارچ کے بعد سے ہی میٹرو خدمات متاثر ہیں، جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس جمعرات کی صبح سے معطل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر موبائل انٹرنیٹ بند کرنے کی ہدایت دی تھی، جس کی مدت کئی بار بڑھائی جا چکی ہے اور اب اسے جمعہ دوپہر 12 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ نیٹ میڈیکل داخلہ امتحان کا پرچہ لیک ہونے کے خلاف طلبہ اور دیگر مظاہرین گزشتہ کئی دنوں سے جنتر منتر پر سی جے پی کی اپیل پر دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے آس پاس کے علاقوں میں میٹرو اور موبائل انٹرنیٹ خدمات پر عارضی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔