مودی نے کولکاتا بھگدڑ پر افسوس ظاہر کیا، مرنے والوں کے اہل خانہ کو دو، دو لاکھ روپے کا اعلان
وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں ہفتہ کی شام درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں ہفتہ کی شام درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔
مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ کولکاتا میں بھگدڑ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کی ہمدردیاں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نے حادثے میں جان گنوانے والے ہر شخص کے قریبی رشتہ دار کو وزیر اعظم قومی راحت فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے دو لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔
اس واقعے میں 35 افراد کے زخمی ہونے اور 17 افراد کے کچلے جانے سے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔