
حیدرآباد: ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج اپنی جان لیوا بولنگ کیلئے مشہور ہیں۔ محمد سراج نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ سلسلہ ختم ہونے کے بعد سراج اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔
اس دوران سراج نے اپنا ایک خواب پورا کیاہے۔ محمد سراج نے کروڑوں روپے خرچ کرکے نئی گاڑی خریدی ہے۔ فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پر اس کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔ محمد سراج نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے بتایاکہ انہوں نے ایک نئی کار خریدی ہے۔
تصویر میں سراج کے ساتھ ان کا پورا خاندان نظر آرہا ہے۔ سراج نے ڈریم کار کے ساتھ کیپشن میں لکھاکہ آپ کے خوابوں کی کوئی حد نہیں ہے کیونکہ وہ آپ کو مزید محنت کرنے اور مزید کوششیں کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
یہ آپ کی مستقل مزاجی کے ساتھ کی گئی کوششیں ہیں جو آپ کو آگے لے جائیں گی۔ خدا کی نعمتوں کیلئے شکر گزار ہوں اور مجھے اپنے خاندان کیلئے ڈریم کار خریدنے کے قابل بنایا۔
سراج نے کہاکہ اگر آپ اپنے آپ پر یقین رکھتے ہیں تو آپ جو چاہیں حاصل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ محمد سراج نے جو کار خریدی ہے وہ لینڈ روور رینج روور آٹو بائیوگرافی ایل ڈبلیو بی ہے جس کی قیمت تقریباً 2.60 کروڑ روپے ہے۔ یہ ٹاپ ماڈل کاریں ہیں۔ اس میں آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ 2996cc انجن ہے۔
یہ 10.42 کا مائلیج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ویرینٹ میں کلر کے 11 آپشنز ہیں۔ اس کے علاوہ یہ 5 سیٹر پٹرول کار ہے۔