مورگن نے کرکٹ کو الوداع کہہ دیا
ہر کھلاڑی کے کیریئر کی طرح میرے کیریئر میں بھی اتار چڑھاؤ آئے لیکن میرا خاندان اور میرے دوست ہمیشہ میرے ساتھ تھے۔ میں خاص طور پر اپنی اہلیہ تارا، اپنے خاندان اور قریبی دوستوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے ہر حال میں میرا ساتھ دیا۔
لندن: انگلینڈ کے 2019 ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان ایون مورگن نے پیر کو تمام طرز کے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
مورگن نے حال ہی میں ختم ہونے والی ایس اے۔20 لیگ میں پارل رائلز کی نمائندگی کرتے ہوئے سات میچ کھیلے۔
مورگن نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں فخر کے ساتھ تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ کافی غوروفکر کے بعد مجھے یقین ہے کہ اب ایک ایسے کھیل سے دور رہنے کا صحیح وقت ہے جس نے سالوں میں بہت کچھ دیا ہے۔ 2005 میں انگلینڈ آنے سے لے کر مڈل سیکس میں شامل ہونے اور ایس اے۔20 میں پارل رائلز کے لیے کھیلنے تک، میں نے ہمیشہ اس کھیل سے لطف اٹھایا ہے۔”
مورگن نے آئرلینڈ کے لیے 2006 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔ اپنے ون ڈے ڈیبیو پر 99 رنز بنانے کے بعد انہیں اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا، حالانکہ 21 سالہ بلے باز یہاں اپنا اثر نہیں بنا سکے۔
مورگن نے جنوبی افریقہ کے دورے پر انگلینڈ لائنز کے لیے اپنی شاندار کارکردگی کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی توجہ مبذول کرائی، جس کے بعد انہیں 2007 کے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ اس واقعہ کی وجہ سے مورگن نے آئرلینڈ چھوڑ دیا۔
انہوں نے کہاکہ "ہر کھلاڑی کے کیریئر کی طرح میرے کیریئر میں بھی اتار چڑھاؤ آئے لیکن میرا خاندان اور میرے دوست ہمیشہ میرے ساتھ تھے۔ میں خاص طور پر اپنی اہلیہ تارا، اپنے خاندان اور قریبی دوستوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے ہر حال میں میرا ساتھ دیا۔
مورگن نے جون 2022 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے سے پہلے 379 بین الاقوامی میچ کھیلے۔ انگلینڈ نے مورگن کی کپتانی میں 2019 میں اپنا پہلا ون ڈے ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مورگن نے فرنچائز کرکٹ کھیلنا جاری رکھا۔ انہوں نے پوری دنیا کی مختلف لیگز میں کل 374 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور 131.59 کے اسٹرائیک ریٹ سے 7780 رنز بنائے۔
مورگن نے اپنے ساتھیوں، کوچز اور مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ کرکٹ کی وجہ سے ہی وہ دنیا کا سفر کرنے اور حیرت انگیز لوگوں سے ملنے کے قابل ہوئے ہیں۔