قومی

وزیر اعظم کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر محمد رضوی گرفتار

دربھنگہ ضلع پولیس نے ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران ایک میٹنگ کے اسٹیج سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نازبیا الفاظ استعمال کرنے کے الزام میں محمد رضوی عرف راجہ نامی 25 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔

دربھنگہ: دربھنگہ ضلع پولیس نے ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران ایک میٹنگ کے اسٹیج سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نازبیا الفاظ استعمال کرنے کے الزام میں محمد رضوی عرف راجہ نامی 25 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔

دربھنگہ کے نگر پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کمار نے بتایا کہ راہل گاندھی کی ووٹر ادھیکاریاترا کے دوران سمری تھانہ علاقے کے بٹھولی کے قریب استقبال کے لیے بنائے گئے بینر کے ساتھ اسٹیج سے وزیر اعظم کے خلاف نازبیا الفاظ استعمال کرنے کے معاملے میں سائبر تحقیقات اور ویڈیو فوٹیج کی بنیاد پر یہ گرفتاری کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دربھنگہ پولیس نے سنگھ واڑا تھانہ علاقہ کے بھوانی پور پنچایت (وارڈ نمبر 1) کے بھپورہ گاﺅں باشندہ انیس قریشی کے بیٹے محمد رضوی عرف راجہ کو وزیر اعظم کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کرنے پر گرفتار کیا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ 27 اگست کوعظیم اتحاد کے لیڈروں کی طرف سے منعقدہ ووٹر ادھیکاریاترا کے دوران وزیر اعظم کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کرنے کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا۔ اس سلسلے میں دربھنگہ ضلع بی جے پی کے صدر آدتیہ نارائن چودھری عرف منا نے جالے تھانہ علاقہ کے دیورا بندھولی گاوں باشندہ مہاگٹھ بندھن کے لیڈر محمد نوشاد اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف سمری تھانے میں درخواست دی تھی۔

اس معاملے میں درخواست گزار کی تحریری درخواست کی بنیاد پر سمری تھانے میں 28 اگست کی رات انڈین جوڈیشیل کوڈ کی دفعہ 196، 296، 152، 353(2)، 356(1)، 356(2)، 3(5) اور 67 آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 243/25 درج کر کے تفتیش شروع کی گئی۔ ویڈیو کی بنیاد پر نازیبا زبان استعمال کرنے والے راجہ کو گرفتار کر کے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔