مسلم شخص پر ہندو شرپسندوں کا حملہ، جے ایس آر کے نعرے لگانےپر مجبور (ویڈیو وائرل)
ویڈیو میں ایک حملہ آور کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ’’یہاں ہندوؤں کا راج ہے، جے شری رام بولو۔‘‘ جبکہ دوسرے نے اسے قتل کی دھمکی دیتے ہوئے کہا: ’’تم حلال کر کے کاٹتے ہو، ہم تمہیں جھٹکے سے کاٹیں گے۔‘‘
اتراکھنڈ: اتراکھنڈ کے پہاڑی گڑھوال علاقے میں شراب کے نشہ میں دھت تین افراد نے ایک معمر مسلم شخص پر حملہ کر دیا۔ متاثرہ شخص کو زبردستی ’’جے شری رام‘‘ اور ’’بھارت ماتا کی جے‘‘ کے نعرے لگوانے کے ساتھ ساتھ اس کی داڑھی کاٹنے کی بھی دھمکی دی گئی۔
یہ واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ رضوان نامی بزرگ شخص کو تین افراد — مکیش بھٹ، منیش بشٹ اور نوین بھنڈاری — نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ عمر میں اپنے حملہ آوروں سے کہیں بڑے رضوان کو بار بار تھپڑ مارے گئے اور نازیبا الفاظ کہے گئے۔
ویڈیو میں ایک حملہ آور کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ’’یہاں ہندوؤں کا راج ہے، جے شری رام بولو۔‘‘ جبکہ دوسرے نے اسے قتل کی دھمکی دیتے ہوئے کہا: ’’تم حلال کر کے کاٹتے ہو، ہم تمہیں جھٹکے سے کاٹیں گے۔‘‘
ایک موقع پر حملہ آوروں میں سے ایک نے بلیڈ لانے کو کہا تاکہ رضوان کی داڑھی کاٹ سکے۔ خوفزدہ بزرگ شخص نے اپنی جان بچانے کے لیے ان کے تمام مطالبات مان لیے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔