نارائن پیٹ۔کوڈنگل لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ کا آغاز، ایک لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوگی:ریاستی وزیر وی سری ہری
انہوں نے مزید بتایا کہ نارائن پیٹ میونسپلٹی میں 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز مکمل ہو چکے ہیں
نارائن پیٹ کے عوام کا دیرینہ خواب اب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے۔ حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے اور علاقے کو سرسبز و شاداب بنانے والے نارائن پیٹ۔کوڈنگل لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ کے کاموں کا باضابطہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں سے جاری عوامی جدوجہد کو اب عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
ریاستی وزیر برائے کھیل، مویشی پالن، ڈائری ڈیولپمنٹ و کوآپریشن وکیٹی سری ہری نے نارائن پیٹ میں مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاحی موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کے ذریعے نہ صرف جئے اما چیروکو کو سیراب کیا جائے گا بلکہ علاقے کی ایک ایک ایکڑ زرعی زمین کو آبپاشی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیر نے کہا کہ چونکہ وزیر اعلیٰ اے۔ریونت ریڈی اسی خطے کے بیٹے ہیں، اسی لیے متاثرہ کسانوں کو دی جانے والی معاوضہ رقم 14 لاکھ روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے فی ایکڑ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بڑے منصوبے کے آغاز سے قبل ہی کسانوں کی رضامندی حاصل کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نارائن پیٹ میونسپلٹی میں 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز مکمل ہو چکے ہیں اور ٹھیکیدار جلد ہی کام کا آغاز کرنے والے ہیں۔ کانگریس پارٹی اپنے وعدوں پر قائم رہنے والی پارٹی ہے۔
سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ پہلے دھان کی کاشت پر پابندی عائد کی گئی تھی، لیکن عوامی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد دھان کو خوشحالی کی علامت بنایا گیا ہے۔ حکومت خود کسانوں سے دھان خرید کر چاول میں تبدیل کر رہی ہے اور ہر غریب خاندان کو ماہانہ 6 کلو چاول فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کی 29 ریاستوں میں صرف تلنگانہ وہ واحد ریاست ہے جہاں راشن دکانوں کے ذریعے باریک چاول فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیر وکیٹی سری ہری نے کہا کہ کانگریس حکومت کا ہدف ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانا ہے۔ خواتین سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے آر ٹی سی کرایہ بسیں اور پیٹرول پمپس چلائے جا رہے ہیں۔ خواتین گروپس کو بلا سود قرضے دیے جا رہے ہیں اور اگر کسی خاتون کی حادثاتی موت ہو جائے تو قرض معاف کر کے اس کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جا رہی ہے۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر مستحق غریب کو فلاحی اسکیموں کا فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے نارائن پیٹ کے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ بلدی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنا کر میونسپلٹی پر کانگریس کا پرچم لہرائیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ میونسپلٹی کے ہر وارڈ کے لیے ایک کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز فراہم کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔
وزیر نے بتایا کہ نارائن پیٹ میں اسٹیڈیم کی ترقی کے لیے 30 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں اور ہر وارڈ میں سی سی سڑکوں کی تعمیر بھی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ کرشنا۔ویکارآباد ریلوے لائن کے لیے زمین کے حصول پر 423 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ کی ترقی کے لیے 1000 کروڑ روپے فراہم کرنے کا سہرا وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے سر ہے۔
آخر میں وزیر وکیٹی سری ہری نے کہا کہ عہدے عارضی ہوتے ہیں، لیکن ترقی کے کام ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔
اس موقع پر سابق ضلع کانگریس پارٹی صدر و سینئر قائد کمبھم شیوکمار ریڈی، چٹم ابھیجیت ریڈی، بنڈی وینو گوپال، ہری نارائن بھٹڈ، مارکٹ کمیٹی چیئرمین شیوا ریڈی، ضلع کانگریس قائد محمود قریشی، شہاب الدین چاند، محمد تقی چاند (سابق کونسلر)، مہیش گوڈ (سابق کونسلر) اور دیگر موجود تھے۔