ترکی میں نقلی شراب کے خلاف ملک گیر مہم ، 169 افراد گرفتار
ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلِکایا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ پولیس نے بدھ کے روز تمام 81 صوبوں میں ایک مربوط آپریشن چلایا، جو کہ حالیہ برسوں میں اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔
استنبول: ترکی کی سکیورٹی فورسز نے نقلی شراب کے خلاف ملک گیر کارروائی میں بڑی مقدار میں غیر قانونی مصنوعات ضبط کیں اور 169 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ حکام نے یہ اطلاع جمعرات کو دی۔
ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلِکایا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ پولیس نے بدھ کے روز تمام 81 صوبوں میں ایک مربوط آپریشن چلایا، جو کہ حالیہ برسوں میں اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔
وزیرموصوف کے مطابق پولیس نے نقلی یا اسمگل کی گئی شراب کی ایک لاکھ 19 ہزار 564 بوتلیں الکوحل 2,792 لیٹر غیر قانونی مشروبات، 48,425 لیٹر ایتھل الکوحل، اور 874 یونٹ فلیورڈ الکوحل ضبط کیا۔ حکام نے 12 غیر قانونی شراب بنانے والی کارخانوں کو بھی بند کر دیا ہے اور 169 مشتبہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
مسٹر یرلِکایا نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ چلائے گئے مربوط آپریشنز کے دوران 528 گرفتاریاں کی گئیں اور 29 غیر قانونی پیداواری مراکز کو ختم کر دیا گیا۔
ترکی نے گزشتہ برسوں میں نقلی شراب کے خلاف اپنی کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے، کیونکہ زہریلی شراب کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔