این ڈی اے کی مسلسل تیسری جیت تاریخی: نریندر مودی
لوک سبھا انتخابات 2024 کی گنتی کے رجحانات کے مطابق بی جے پی کی قیادت والے اتحاد کو 292 سیٹیں ملنے کا امکان ہے، جب کہ اپوزیشن 'انڈیا گروپ' کے امیدوار 233 سیٹوں پر آگے یا جیت رہے ہیں۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی مسلسل تیسری جیت کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے اس کے لیے ملک کے عوام سے اظہار تشکر کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ اتحاد ملک کے لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے نئی طاقت کے ساتھ کام کرے گا۔
18ویں لوک سبھا کے نتائج اور رجحانات کے درمیان منگل کی شام کو ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا، "ملک کے لوگوں نے مسلسل تیسری بار این ڈی اے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
یہ ہندوستان کی تاریخ کا ایک مثالی لمحہ ہے۔ میں اس محبت اور آشیرواد کے لیے اپنے خاندان کے سلام کرتا ہوں۔ میں ہم وطنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے نئی توانائی، نئے جوش اور نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ میں تمام کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے لگن اور انتھک محنت کی ہے۔ میں ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
لوک سبھا انتخابات 2024 کی گنتی کے رجحانات کے مطابق بی جے پی کی قیادت والے اتحاد کو 292 سیٹیں ملنے کا امکان ہے، جب کہ اپوزیشن ‘انڈیا گروپ’ کے امیدوار 233 سیٹوں پر آگے یا جیت رہے ہیں۔ ان انتخابات میں بی جے پی اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے لیکن اسے 543 پارلیمانی سیٹوں میں سے 240 سیٹیں ملتی نظر آرہی ہیں۔