نیوانڈیا کوآپریٹیو بینک کا جنرل منیجر زیرحراست، 122کروڑ روپے کے دھوکہ دہی (ویڈیو)
ممبئی پولیس کے معاشی جرائم شعبہ (ای او ڈبلیو) نے 122 کروڑ کے فینانشیل فراڈ کیس کے سلسلہ میں نیو انڈیا کوآپریٹیو بینک کے جنرل منیجر ہتیش مہتا کو حراست میں لے لیا۔

ممبئی: ممبئی پولیس کے معاشی جرائم شعبہ (ای او ڈبلیو) نے 122 کروڑ کے فینانشیل فراڈ کیس کے سلسلہ میں نیو انڈیا کوآپریٹیو بینک کے جنرل منیجر ہتیش مہتا کو حراست میں لے لیا۔
ہفتہ کے دن ای او ڈبلیو عہدیداروں نے ممبئی کے دھیسر علاقہ میں واقع آریہ ورت سوسائٹی‘ این ایل کامپلکس میں ہتیش مہتا کے فلیٹ پر چھاپہ مارا۔ 14 ویں منزل پر واقع اپارٹمنٹ کی تلاشی کے بعد ہتیش مہتا کو حراست میں لے لیاگیا۔
اسے تفتیش کے لئے ای او ڈبلیو آفس لایا گیا۔ قبل ازیں دادر پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔ شکایت بینک کے کارگزار چیف اکزیکٹیو آفیسر(سی ای او) 48 سالہ دیورشی ششیرکمار گھوش نے درج کرائی تھی۔
ہتیش مہتا کے ساتھ اس کے کئی ساتھیوں بشمول بینک کے اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ کے سینئر عہدیداروں کا اس کیس میں نام آیا ہے۔ ایف آئی آر کے بموجب ملزمین نے اپنے عہدوں کا بے جا استعمال کیا۔ انہوں نے بینک سے 122 کروڑ روپے نکال لئے۔
کہا جاتا ہے کہ یہ فراڈ 2020 اور 2025 کے درمیان ہوا۔مالی بے قاعدگیوں کے بیچ ریزرو بینک آف انڈیا(آر بی آئی) نے جمعرات کے دن نیو انڈیا کوآپریٹیو بینک پر تحدیدات عائد کردیں۔ بینک سے اب رقومات نہیں نکالی جاسکتیں۔ 6 ماہ کی تحدیدات کے دوران بینک اپنے اثاثے بھی فروخت نہیں کرسکتا۔ یہ بینک گزشتہ چند سال سے خسارہ میں چل رہا ہے۔