Swiggy اور Zomato پر نیا اسکام۔ کہیں آپ بھی شکار نہ ہو جائیں! وائرل ویڈیو
سوشیل میڈیا پر ایک کانٹینٹ کریئیٹر کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں اس نے بتایا ہے کہ آن لائن فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارمز سوئگی اور زومیٹو پر ایک نیا اسکام تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس اسکیم میں بعض ڈلیوری بوائز نہ صرف ریستورانوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ گاہکوں کو بھی گمراہ کر رہے ہیں۔

نئی دہلی : سوشیل میڈیا پر ایک کانٹینٹ کریئیٹر کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں اس نے بتایا ہے کہ آن لائن فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارمز سوئگی اور زومیٹو پر ایک نیا اسکام تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس اسکیم میں بعض ڈلیوری بوائز نہ صرف ریستورانوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ گاہکوں کو بھی گمراہ کر رہے ہیں۔
آج کے دور میں زیادہ تر لوگ آن لائن ہی کھانا آرڈر کرتے ہیں۔ ایسے میں یہ دھوکہ دہی خاموشی سے اس طرح انجام دی جارہی ہے کہ نہ پلیٹ فارم کو اس کا پتہ چلتا ہے اور نہ ہی گاہک فوراً سمجھ پاتا ہے۔ بظاہر یہ ایک سسٹم کی خرابی لگتی ہے لیکن دراصل یہ ایک منظم جال ہے جو ریستورانوں کے منافع پر براہِ راست ضرب لگاتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں کانٹینٹ کریئیٹر نے بتایا کہ اس نے ایک پیزا آرڈر کیا تھا۔ آرڈر کے تقریباً 15 سے 20 منٹ بعد اسے ایک کال موصول ہوئی کہ ڈلیوری بوائے کا ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے، اس لئے ریستوران براہِ راست کھانا پہنچائے گا۔
شک ہونے پر اس نے ریستوران سے خود رابطہ کیا تو انہیں جواب ملا: "ہم براہِ راست ڈلیوری نہیں کرتے۔” اس پر مزید شبہ پیدا ہوا اور اس نے سوئگی کسٹمر کیئر سے بات کی۔ کسٹمر کیئر نے کہا کہ آرڈر مکمل نہیں ہوسکے گا، اس لئے پوری رقم واپس کی جارہی ہے۔ کچھ ہی دیر میں پیسے واپس بھی آگئے۔
گاہک نے سمجھا کہ اب کھانا نہیں آنے والا، لیکن تھوڑی دیر بعد ایک ڈلیوری ایجنٹ اس کے گھر کے باہر پیزا لئے کھڑا تھا۔ اس نے کہا: "آپ کو ریفنڈ مل گیا ہوگا، یہ میرا کیو آر کوڈ ہے، براہِ راست ادائیگی کر دیں۔”
خوش قسمتی سے گاہک نے فوراً ریستوران کو فون کیا، تو منیجر نے صاف کہا: "ادائیگی نہ کریں، پیزا لے لیں۔” اس وقت پورا اسکیم سامنے آیا۔
اسکیم کا طریقۂ :
گاہک پلیٹ فارم کے ذریعہ آرڈر کرتا ہے۔
ڈلیوری بوائے جھوٹ بول کر آرڈر منسوخ کروا دیتا ہے (مثلاً ایکسیڈنٹ یا کوئی مسئلہ بتا کر)۔
پلیٹ فارم گاہک کو ریفنڈ دے دیتا ہے۔
ڈلیوری بوائے پھر وہی کھانا براہِ راست گاہک تک پہنچا کر نقد یا آن لائن ادائیگی مانگتا ہے۔
یہ ادائیگی پلیٹ فارم یا ریستوران کے ریکارڈ میں درج نہیں ہوتی اور سارا پیسہ اسکیم کرنے والے کی جیب میں چلا جاتا ہے۔
یہ دھوکہ دہی اتنی خاموشی سے ہورہی ہے کہ پلیٹ فارمز کو بھی اس کا فوراً علم نہیں ہو پاتا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آن لائن آرڈر کرنے والوں کو خاص طور پر محتاط رہنا چاہئے، اور کسی بھی غیر معمولی ادائیگی سے پہلے ریستوران یا کسٹمر کیئر سے تصدیق ضرور کرنی چاہیے۔