رمضان المبارک میں ’ریاض الجنہ‘ کی زیارت کا نیا شیڈول
دنیا بھر سے یوں تو سارا سال ہی زائرین عمرہ حجاز مقدس رخ کرتے اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد نبی آخر الزماں کو سلام پیش کرنے مسجد نبوی ﷺ آتے ہیں۔ تاہم رمضان میں یہ تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
مدینہ منورہ: مسجد نبوی ﷺ میں رمضان المبارک کے دوران ریاض الجنہ کب جا سکیں گے اس کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
دنیا بھر سے یوں تو سارا سال ہی زائرین عمرہ حجاز مقدس رخ کرتے اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد نبی آخر الزماں کو سلام پیش کرنے مسجد نبوی ﷺ آتے ہیں۔ تاہم رمضان میں یہ تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
رمضان میں زائرین کے اسی رش کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد نبوی ﷺ میں خاص مقام ریاض الجنہ کی زیارت کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق پہلے 2 عشروں میں مرد اور خواتین زائرین کے لیے ریاض الجنہ کی زیارت کے 2، دو اوقات علیحدہ علیحدہ مقرر کیے گئے ہیں۔
مرد زائرین کے لیے زیارت کا پہلا وقت صبح 11:20 سے رات 8 بجے تک مقرر کیا گیا ہے جبکہ دوسرا وقت رات 2 سے صبح 5 بجے تک کا ہے۔
اسی طرح خواتین کے لیے وقت رات 11 سے 1:40 اور صبح 6 سے 11 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
تیسرے عشرے میں ریاض الجنہ کی زیارت کیلیے مرد زائرین کے لیے 3 جب کہ خواتین زائرین کے لیے صرف ایک وقت مقرر کیے گئے ہیں۔
تیسرے عشرے میں مرد زائرین کے لیے پہلا وقت صبح 11:20 سے رات 8 بجے، دوسرا وقت رات 11 سے 12 بجے تک اور تیسرا وقت رات 2 سے صبح 5 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
خواتین کے لیے تیسرے عشرے میں صبح 6 سے 11 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ریاض الجنہ روضہ رسول ﷺ سے متصل زمین کا وہ ٹکڑا ہے، جس کو نبی کریم ﷺ نے جنت کا ٹکڑا قرار دیا۔
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے اس حصے کی خاص نشاندہی کے لیے ریاض الجنہ میں سبز جائے نماز قالین بچھائے ہوئے ہیں۔