حیدرآباد

حیدرآباد میں نئے سال کا جشن: فلائی اوور بریجس کو بند کردیاجائے گا، ایرٹکٹس کے حامل مسافروں کو ایرپورٹ جانے کی اجازت

نئے سال کے جشن کے ضمن میں شہر کے تینوں پولیس کمشنریٹس کے حدود میں سخت سیکوریٹی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

حیدرآباد: (منصف نیوز بیورو) نئے سال کے جشن کے ضمن میں شہر کے تینوں پولیس کمشنریٹس کے حدود میں سخت سیکوریٹی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں
چمپئنز ٹرافی۔2025: پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہندوستانی بورڈ کو خصوصی تجویز

علاوہ ازیں ٹرافک کو باقاعدہ بنانے اور احتیاطی تدابیر بھی اختیار کئے جارہے ہیں۔ 31 دسمبر کی شب تینوں حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈا کمشنریٹس کے حدود میں پی وی این آر کے سوا تمام فلائی اوور بریجس کو بند کردیاجائے گا۔ یہ بریجس منگل کی شب 10بجے سے یکم جنوری کی شب 2بجے تک بند رہیں گے۔

پولیس ذرائع کے بموجب 31 دسمبر کی رات 11بجے سے جملہ 172 جنکشن بند کردیئے جائیں گے اور مارکٹس، مالس اور دیگر تمام عوامی مقامات پر پولیس چوکس رہے گی۔

این ٹی آر مارگ۔ پی وی این آر مارگ، نیکلس روڈ، شاپنگ کمرشیل ریسٹورنٹس اور پبس، بارس، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، پنجہ گٹہ، خیریت آباد، سیف آباد اور دیگر علاقوں میں ہجوم رہتا ہے۔

جن لوگوں کے پاس ایر (ہوائی جہاز) ٹکٹس ہوں گے صرف انہیں ہی پی وی این آر برج سے ایرپورٹ جانے کی اجازت رہے گی۔

ٹرافک پولیس نے موٹر سیکل رانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حالت نشہ میں گاڑیاں نہ چلائیں۔ اس کے علاوہ سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس حدود میں بھی اس طرح کی تحدیدات عائد کی جائیں گی۔ رچہ کنڈا اور سائبرآباد میں ہجوم پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نظر رکھی جائے گی۔