شمالی بھارت
ٹرینڈنگ

”ڈگریاں حاصل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، پنکچر جوڑنے کی دکان کھولیں“۔ بی جے پی رکن اسمبلی کا طلبہ کو مشورہ

مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ”موٹر سائیکل کا پنکچر جوڑنے کی دکان“ کھولیں کیونکہ ڈگریاں حاصل کرنے سے کوئی فائدہ نہیں۔

گنا(ایم پی): مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ”موٹر سائیکل کا پنکچر جوڑنے کی دکان“ کھولیں کیونکہ ڈگریاں حاصل کرنے سے کوئی فائدہ نہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے یہ بیان اپنے حلقہ اسمبلی گنا میں پی ایم کالج آف اکسلینس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں دیا تھا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز اندور میں منعقدہ ایک تقریب میں ریاست کے 55 اضلاع میں پی ایم کالج آف اکسلینس کا آن لائن افتتاح کیا تھا۔

بعدازاں متعلقہ ریاستوں بشمول گنا میں علحدہ تقاریب منعقد کی گئی تھیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی پنالال شاکیہ نے گنا میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ آج ہم پی ایم کالج آف اکسلینس کا افتتاح کررہے ہیں۔ میری آپ سب سے اپیل ہے کہ ایک بات ذہن میں رکھیں کہ ان کالج کی ڈگریوں سے کچھ ہونے والا نہیں۔

اس کے بجائے موٹرسائیکل کا پنکچر جوڑنے کی دکان کھول لیں تاکہ کم ازکم روزی روٹی حاصل کرسکیں۔ اتوار کے روز اندور میں منعقدہ بڑی شجرکاری مہم کا حوالہ دیتے ہوئے شاکیہ نے کہا کہ لوگ پودے لگارہے ہیں لیکن انہیں پانی دینے سے دلچسپی نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل آلودگی اور ماحولیات کے بارے میں تشویش پائی جاتی ہے لیکن کوئی بھی اس سمت میں کام نہیں کررہا ہے۔

آج ہم نے جو پودے لگائے ہیں ان کی کب تک حفاظت کرسکتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناسکتے ہیں کہ وہ اُگیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دریاؤں اور نالوں سے متصل سرکاری اراضی پر قبضے کئے جارہے ہیں۔ شاکیہ نے مزید کہا کہ لوگ ضمنی اثرات کی پرواہ کئے بغیر کچھ بھی کھا رہے ہیں۔

a3w
a3w