اب ایل پی جی سلنڈر بھی انسٹامارٹ پر بنگلورو میں فوری ہوم ڈیلیوری کا اعلان
کمپنی نے بتایا کہ ایچ پی نویا ایک ہلکا، زنگ سے محفوظ اور جدید ترین حفاظتی خصوصیات سے لیس کمپوزٹ ایل پی جی سلنڈر ہے۔ اس کی شفاف باڈی کی وجہ سے صارفین آسانی سے گیس کی سطح (لیول) دیکھ سکتے ہیں
نئی دہلی : کرناٹک میں بنگلورو کے ایل پی جی صارفین کے لیے اچھی خبر ہے۔ اب یہاں کے گیس صارفین کو کوئک کامرس پلیٹ فارم ‘انسٹامارٹ’ کے ذریعے ایل پی جی سلنڈر ملیں گے۔
اس کے لیے انسٹامارٹ نے ہندستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل) سے ہاتھ ملایا ہے اور آن ڈیمانڈ ڈیلیوری سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ ملک میں پہلی بار کسی کوئک کامرس پلیٹ فارم پر ایل پی جی سلنڈر کی آن ڈیمانڈ ڈیلیوری سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے تحت صارفین اب انسٹامارٹ کے ذریعے ایچ پی سی ایل کا 10 کلو گرام کا ‘ایچ پی نویا’ کمپوزٹ ایل پی جی سلنڈر منگوا سکیں گے۔
کمپنی نے بتایا کہ ایچ پی نویا ایک ہلکا، زنگ سے محفوظ اور جدید ترین حفاظتی خصوصیات سے لیس کمپوزٹ ایل پی جی سلنڈر ہے۔ اس کی شفاف باڈی کی وجہ سے صارفین آسانی سے گیس کی سطح (لیول) دیکھ سکتے ہیں۔ اس کا ٹھوس ڈیزائن اسے اپارٹمنٹس، چھوٹے خاندانوں، طلبہ، ورکنگ پروفیشنلز اور اضافی ایل پی جی سلنڈر کی ضرورت والے صارفین کے لیے موزوں بناتا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس سہولت کا فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کے پاس پہلے سے گھریلو ایل پی جی کنکشن ہونا ضروری نہیں ہوگا۔ اس سے طلبہ، غیر شادی شدہ ملازم پیشہ لوگ اور چھوٹے خاندان بھی آسانی سے اس سروس کا استعمال کر سکیں گے۔ انسٹامارٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) امیتیش جھا نے کہا کہ انسٹامارٹ اب صرف راشن (گروسری) کے سامان تک محدود نہیں ہے، بلکہ صارفین کی روزمرہ کی ضروریات کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔ ایچ پی سی ایل کے ساتھ یہ شراکت داری صارفین کو ایل پی جی جیسی ضروری سروس بھی تیز، محفوظ اور قابلِ اعتماد طریقے سے فراہم کرے گی۔
ایچ پی سی ایل کے ڈائریکٹر (مارکیٹنگ) امت گرگ نے کہا کہ کمپنی صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق جدت پر مبنی حل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ پی نویا کمپوزٹ ایل پی جی سلنڈر کے ذریعے ایچ پی سی ایل ایل پی جی کو زیادہ قابلِ رسائی اور آسان بنا رہا ہے اور انسٹامارٹ جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ صارفین تک اپنی پہنچ بڑھائے گا۔
کمپنی کے مطابق، صارفین انسٹامارٹ ایپ پر جا کر 10 کلو گرام ایچ پی نویا کمپوزٹ ایل پی جی سلنڈر یا 5 کلو گرام میٹل ایل پی جی سلنڈر کا انتخاب کر کے منگوا سکتے ہیں۔ پہلی بار آرڈر کرنے پر نیا سلنڈر فراہم کیا جائے گا، جبکہ بعد میں ری فل (دوبارہ بھرنے) کے لیے ڈیلیوری کے وقت خالی ایچ پی سی ایل سلنڈر واپس کرنا ہوگا۔ اس سروس کا آغاز پہلے مرحلے میں بنگلورو سے کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ گاہکوں کے لیے 5 کلو گرام کا میٹل ایل پی جی سلنڈر بھی دستیاب رہے گا۔
تمام آرڈرز ایچ پی سی ایل کے مجاز ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے پورے کیے جائیں گے اور تربیت یافتہ عملے کے ذریعے مقررہ حفاظتی اور ریگولیٹری معیارات پر عمل کرتے ہوئے ڈیلیوری کی جائے گی۔ پہلی بار آرڈر کرنے والے صارفین کے لیے شناختی تصدیق (آئیڈینٹٹی ویریفیکیشن) اور پروف آف ڈیلیوری کا عمل بھی لازمی ہوگا۔