اے آئی ایم آئی ایم صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اردو میڈیم طلبہ میں تعلیمی کٹس تقسیم کیں
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور نظم و ضبط کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے آج حیدرآباد شہر کے اردو میڈیم طلبہ میں تعلیمی کٹس اور کورس کا مواد تقسیم کیا۔ یہ تقریب اے آئی ایم آئی ایم کے مرکزی دفتر دارالسلام میں منعقد ہوئی، جہاں بڑی تعداد میں طلبہ، والدین اور پارٹی کارکنان موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا:
"اس سال 11 ہزار سے زائد طلبہ کو تعلیمی کٹس فراہم کی گی، تاکہ وہ نئے تعلیمی سال کا آغاز بہتر انداز میں کر سکیں۔”
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ضرورت مند طلبہ کی تعلیمی مدد کے لیے یہ اقدام ہر سال جاری رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور نظم و ضبط کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔
تقریب کے دوران طلبہ میں اسکول بیگز، نوٹ بکس، اسٹیشنری اور دیگر ضروری تعلیمی سامان تقسیم کیا گیا، جبکہ والدین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے معاشرے کے ضرورت مند بچوں کے لیے ایک اہم تعلیمی معاونت قرار دیا۔