ایک ملک ایک الیکشن کا نظریہ ہمہ جماعتی پارلیمانی جمہوریت کیلئے تباہ کن: اسد اویسی
رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس سلنڈرس کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ وہ (مودی) ایسا منظر نامہ چاہتے ہیں جہاں آسانی کے ساتھ انتخابات جیت سکیں۔

حیدرآباد: کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملک ایک الیکشن کا نظر یہ ہمہ جماعتی پارلیمانی جمہوریت اور وفاقیت کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک ملک ایک الیکشن کی تجویز کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی کی تشکیل کے اعلامیہ کو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ یہ صرف ایک رسمی کاروائی ہے جبکہ حکومت، پہلے ہی آگے جانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔
ایک نیشن ایک الیکشن، ملک کی کثیر الجماعتی پارلیمانی جمہوریت اور وفاقیت کیلئے تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ اویسی نے تحریر کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس سلنڈرس کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ وہ (مودی) ایسا منظر نامہ چاہتے ہیں جہاں آسانی کے ساتھ انتخابات جیت سکیں۔
وہ چاہتے ہیں کہ احتساب کے بغیر آئندہ 5برسوں میں مخالف عوام پالیسیوں کو نافذ کرسکیں۔ قبل ازیں اویسی نے ایک ملک ایک الیکشن نظریہ کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔
مرکزی حکومت نے ایک ملک ایک الیکشن کی تجویز کا جائزہ لینے کیلئے یکم ستمبر کو سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی۔ اس کمیٹی کے ذمہ عام انتخابات کے ساتھ اسمبلی الیکشن کو بیک وقت منعقد کرنے کے امکان کا جائزہ لینا اور اس کیلئے ممکنہ قانون سازی کو یقینی بنانا بھی ہے۔