بین الاقوامی

عالمی پاسپورٹ رینکنگ میں پاکستان کا نیچے سے چوتھا نمبر، ہندوستانی پاسپورٹ کو 80 واں رینک

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2023 میں سنگاپور نے دنیا کے سب سے طاقتور پاسپورٹ کے حامل ملک ہونے کا اعزاز جاپان سے چھین لیا۔ پانچ بار اوّل نمبر پر براجمان ہونے والا جاپان اس بار نیچے کھسک کر تیسرے نمبر پر آگیا۔

واشنگٹن: دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹ کی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان کا گرین پاسپورٹ چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ ہے جبکہ ہندوستانی پاسپورٹ کا 80 واں نمبر ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی رینکنگ جاری کرنے والے ادارے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے نئی فہرست جاری کر دی ہے۔ 103 ممالک پر مشتمل فہرست میں پاکستان کا 100 واں نمبر ہے اس طرح گرین پاسپورٹ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔

پاکستان سے کم ترین درجے پر شام، عراق اور افغانستان ہیں جو بالترتیب 101، 102 اور 103 ویں نمبر پر ہیں۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2023 میں سنگاپور نے دنیا کے سب سے طاقتور پاسپورٹ کے حامل ملک ہونے کا اعزاز جاپان سے چھین لیا۔ پانچ بار اوّل نمبر پر براجمان ہونے والا جاپان اس بار نیچے کھسک کر تیسرے نمبر پر آگیا۔

سنگاپور پاسپورٹ کو پہلی پوزیشن رواں برس 192 سفری مقامات تک ویزہ فری رسائی رکھنے کی وجہ سے دی گئی ہے جب کہ 190 ممالک یا مقامات تک ویزہ کے بغیر جانے کی سہولت رکھنے والے یورپی ممالک جرمنی، اٹلی اور اسپین اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ جاپان، آسٹریا، فن لینڈ، فرانس، لکسمبرگ، جنوبی کوریا اور سویڈن تیسرے نمبر پر ہیں۔

6 سال کی تنزلی کے بعد برطانیہ 2 درجے چھلانگ لگا کر چوتھے نمبر پر آگیا۔ برطانیہ اس نمبر پر آخری بار 2017 میں آیا تھا۔ امریکہ کئی دہائیوں سے اس انڈیکس میں تنزلی کی جانب اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

رواں برس بھی امریکہ صرف 184 مقامات تک بغیر ویزا کے رسائی کے ساتھ مزید دو نمبر گر کر آٹھویں نمبر پر آ گیا جب کہ صرف 9 سال قبل برطانیہ اور امریکہ دونوں مشترکہ طور پر انڈیکس میں پہلی پوزیشن پر تھے۔

اس انڈیکس میں ہندوستانی پاسپورٹ کا 80 واں نمبر ہے جب کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کا پاسپورٹ عرب دنیا میں سب سے طاقتور مانا گیا ہے۔ یو اے ای نے اس فہرست میں 12 ویں نمبر پر جگہ پائی ہے۔ امارات کے پاسپورٹ پر 227 میں سے 179 ممالک کا ویزے کے بغیر سفر کیا جا سکتا ہے۔ خلیج تعاون کونسل کے دیگر ممالک میں قطر 52 ویں، کویت 54 ویں، بحرین 59 ویں، عمان 60 اور سعودی عرب 61 ویں پوزیشن پر ہے۔

واضح رہے کہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس اس فہرست کی تیاری میں 199 مختلف پاسپورٹوں کی ویزہ فری رسائی کا 227 سفری مقامات سے موازنہ کرتا ہے۔ اگر ویزا کی ضرورت نہیں ہے، تو اس پاسپورٹ کو ایک اسکور دیا جاتا ہے۔