حیدرآبادسوشیل میڈیا
ٹرینڈنگ

حیدرآباد کے اسکول میں مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام، بی جے پی قائدین کا احتجاج (ویڈیو)

احتجاج کے دوران بی جے پی کے بعض قائدین بھی اسکول پہنچے اور والدین کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طلبہ کو درگا ماتا مالا اتارنے پر مجبور کیے بغیر خصوصی کلاسوں میں شرکت کی اجازت دی جائے۔

حیدرآباد: شہر کے علاقہ چمپاپیٹ کے ماروتی نگر میں واقع سینک اسکول میں دسویں جماعت کے طلبہ کو درگا ماتا مالا پہننے کی وجہ سے خصوصی کلاسوں میں شرکت سے روکنے کا الزام سامنے آیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد طلبہ کے والدین نے اسکول کے باہر احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف ناراضگی ظاہر کی۔

والدین کے مطابق، نوراتری تہوار کے دوران مذہبی عقیدت کے تحت کئی طلبہ نے درگا ماتا مالا پہن رکھی تھی۔ جب یہ طلبہ دسویں جماعت کے امتحانات کی تیاری کے لیے منعقدہ خصوصی کلاسوں میں شرکت کرنے اسکول پہنچے تو مبینہ طور پر انتظامیہ نے انہیں مالا اتارنے کی ہدایت دی۔ بتایا گیا کہ مالا اتارنے سے انکار کرنے والے طلبہ کو کلاسوں میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس واقعہ پر برہم والدین نے اسکول کے باہر دھرنا دیا۔ ان کا الزام تھا کہ طلبہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے اور انہیں امتحانات کی تیاری کے لیے اہم کلاسوں سے محروم کیا جا رہا ہے۔ والدین نے تشویش ظاہر کی کہ خصوصی کلاسوں میں شرکت نہ کر پانے سے طلبہ کی تعلیمی تیاری متاثر ہو سکتی ہے۔

احتجاج کے دوران بی جے پی کے بعض قائدین بھی اسکول پہنچے اور والدین کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طلبہ کو درگا ماتا مالا اتارنے پر مجبور کیے بغیر خصوصی کلاسوں میں شرکت کی اجازت دی جائے۔

صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موقع پر پہنچے اور مداخلت کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔

دریں اثنا، اسکول انتظامیہ نے اس معاملے کے سلسلے میں تلگو کی ٹیچر پشپالتا کو معطل کر دیا۔ اس واقعہ کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس میں شکایت بھی درج کرائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ طلبہ کو کلاسوں میں شرکت سے روکنے سے متعلق الزامات والدین کے بیان پر مبنی ہیں۔