حیدرآباد کے عوام نے اتوار کی شب آسمان پر مکمل چاند گرہن کا مشاہدہ کیا
آئی آئی ٹی حیدرآباد میں ساڑھے دس بجے شب سے خصوصی سیشن منعقد کیا گیا جس میں تقریباً 200 طلبہ نے شرکت کی۔ یہ طلبہ کے لئے ایک نایاب موقع تھا کہ وہ فلکیاتی سائنس کو اپنی آنکھوں کے سامنے وقوع پذیر ہوتا دیکھ سکیں۔
حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے عوام نے اتوار کی شب آسمان پر مکمل چاند گرہن کا مشاہدہ کیا جو تقریباً تین گھنٹوں تک آسمان کو روشن کرتا رہا۔شہر کے مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تاکہ اس فلکیاتی منظر کو قریب سے دیکھ سکیں۔
آئی آئی ٹی حیدرآباد میں ساڑھے دس بجے شب سے خصوصی سیشن منعقد کیا گیا جس میں تقریباً 200 طلبہ نے شرکت کی۔ یہ طلبہ کے لئے ایک نایاب موقع تھا کہ وہ فلکیاتی سائنس کو اپنی آنکھوں کے سامنے وقوع پذیر ہوتا دیکھ سکیں۔
اسی دوران اسٹارڈسٹ ایسٹرونومی کلب نے درگم چیرو کے قریب عوام کے لئے فلکیاتی مشاہدہ کا انتظام کیا۔ کلب کے صدر وینو گوپال نے ایک طاقتور دوربین نصب کی جس کے ذریعہ تقریباً 300 افراد نے گرہن کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام کلاس روم سے باہر فلکیات کو عوام کے قریب لے آتے ہیں۔شہریوں نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ مادھا پور سے تعلق رکھنے والی سافٹ ویئر انجینئر انوشا آر نے کہا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ یہ گرہن دیکھنے آئیں تاکہ انہیں ”ایسا آسمان دکھا سکیں جسے وہ کبھی نہ بھولیں“۔
انوشا نے مزید کہا کہ وہ اور ان کے دوست فلکیات کے شوقین ہیں اور اس نایاب منظر کو دیکھ کر کافی خوش ہوئے۔سکندرآباد کے کالج طالب علم روی کمار نے اپنے ڈی ایس ایل آر کیمرہ پر گرہن کے مناظر قید کئے۔
انہوں نے کہا ”یہ میرے لئے فوٹوگرافی اور فلکیات کے شوق کو یکجا کرنے کا ایک موقع تھا“۔واضح رہے کہ ’بلڈ مون‘ اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب زمین کا سایہ مکمل چاند گرہن کے دوران چاند پر پڑتا ہے اور وہ سرخی مائل نظر آتا ہے۔