ایرانڈیا کی بین الاقوامی پروازوں میں آئندہ ماہ سے پریمیم اکانومی کلاس
ولسن نے کہا کہ ایرانڈیا اندرون ملک اور بین الاقوامی روٹس پر اپنی حصہ داری کم ازکم 30 فیصد بڑھائے گی۔ ایرانڈیا اپنے احیاء کے طویل مدتی منصوبہ پر کام کررہی ہے۔
ممبئی: ایرانڈیا آئندہ ماہ اپنی بعض طویل مسافتی بین الاقوامی پروازوں میں پریمیم اکانومی کلاس متعارف کرائے گی۔ اس کے سربراہ کیمبل ولسن نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ ٹاٹا گروپ کی ایرلائن اپنی مارکٹ حصہ داری بڑھانے اور عالمی نیٹ ورک میں توسیع کی کوشش میں ہے۔
ممبئی میں جے آر ڈی ٹاٹا میموریل ٹرسٹ کے زیراہتمام ایک تقریب سے خطاب میں ولسن نے کہا کہ ہندوستان کے لئے مواقع ہیں۔ آئندہ 10 سال میں ایرانڈیا‘ عالمی شہری ہوابازی میں بڑی کھلاڑی بن سکتی ہے۔
ولسن نے کہا کہ ایرانڈیا اندرون ملک اور بین الاقوامی روٹس پر اپنی حصہ داری کم ازکم 30 فیصد بڑھائے گی۔ ایرانڈیا اپنے احیاء کے طویل مدتی منصوبہ پر کام کررہی ہے۔
آئندہ 5 سال میں وہ طیاروں کی تعداد بڑھائے گی۔ وہ قالین‘ پردے‘ سیٹ کُشن اور کوورس فوری بدلنے والی ہے۔ ناقص سیٹوں اور اِن فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم کو فوری ٹھیک کیا جائے گا۔
ڈومیسٹک اِن فلائٹ مینو کو حال میں پوری طرح بدل دیا گیا ہے۔ ولسن کے بموجب ایرلائن نے تقریباً 20 طیاروں کو جو پرزوں اور پیسہ کی کمی کی وجہ سے کئی سال سے بے کار پڑے تھے‘ ٹھیک کردیا ہے۔