تلنگانہ تعلیمی پالیسی کے مسودہ کی تیاری، 4 ذیلی کمیٹیاں تشکیل
تلنگانہ ایجوکیشن پالیسی (ٹی ای پی) کا مسودہ تیار کرنے کے لیے حال ہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے چار ذیلی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر ذیلی کمیٹی کو مخصوص علاقوں کا جائزہ لینے اور اکتوبر تک ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) تلنگانہ ایجوکیشن پالیسی (ٹی ای پی) کا مسودہ تیار کرنے کے لیے حال ہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے چار ذیلی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر ذیلی کمیٹی کو مخصوص علاقوں کا جائزہ لینے اور اکتوبر تک ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔
یہ فیصلہ ایک حالیہ جائزہ اجلاس میں لیا گیا جہاں عہدیداروں نے پالیسی کی تشکیل کے لیے اہم عوامل پر تبادلہ خیال کیا۔ چار مجوزہ ذیلی کمیٹیوں میں سے ایک بہترین طریقوں کو اپنانے، دوسری تحقیق و ترقی، تیسری نصاب کا جائزہ لینے اور اختراعی ہنر کو شامل کرنے،
اور ایک قانونی کمیٹی ہندوستان میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق عدالتی فیصلوں کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کرے گی۔ ٹی ای پی کمیٹی کا مقصد 21ویں صدی کے تلنگانہ کی ضروریات کا جائزہ لے کر اور صنعتی ضروریات کا تجزیہ کر کے ایک اختراعی اور اہم پالیسی تیار کرنا ہے۔
کمیٹی کے ایک رکن نے بتایا کہ اکتوبر کے آخر تک، وہ ماہرین تعلیم اور صنعت کاروں سمیت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس کے بعد ایک مسودہ پالیسی تیار کی جائے گی، عوامی رائے لی جائے گی اور حتمی ورژن پیش کیا جائے گا۔