رام لیلا میدان ریلی کی تیاریاں، کانگریس کی اہم میٹنگ
دہلی کے رام لیلا میدان میں یکم نومبر کو منعقد ہونے والی 'انڈیا' اتحاد کی میگا ریلی کی تیاریوں سے متعلق کانگریس نے تنظیمی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔
نئی دہلی (یو این آئی) دہلی کے رام لیلا میدان میں یکم نومبر کو منعقد ہونے والی ‘انڈیا’ اتحاد کی میگا ریلی کی تیاریوں سے متعلق کانگریس نے تنظیمی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینو گوپال نے 23 اکتوبر کو قومی دارالحکومت میں واقع ‘اندرا بھون’ میں ہریانہ پردیش کانگریس کے سینئر رہنماؤں کا ایک اہم میٹنگ طلب کی ہے۔
ہریانہ پردیش کانگریس کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق، یہ میٹنگ سہ پہر 3:30 بجے ہوگی۔ اس میں ہریانہ کے لیے پارٹی کے انچارج، سکریٹریز، کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے مستقل اراکین، قومی فرنٹل تنظیموں اور شعبہ جات کے صدور، سینئر رہنماؤں، اراکینِ پارلیمنٹ، اراکینِ اسمبلی، سابق ایم ایل ایز، سابق وزراء، نیزریاستی اور ضلعی سطح کے عہدیداروں کو مدعو کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سال 2024 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے تمام امیدواروں سے بھی میٹنگ میں لازمی طور پر شرکت کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔میٹنگ میں ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے ہریانہ سے زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے، تنظیمی ہم آہنگی، عوامی رابطے کی مہم، کارکنوں کی لام بندی اور نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) سمیت دیگر ضروری انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔
کانگریس قیادت کی تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ ریلی میں ہریانہ سے بڑی تعداد میں کارکنوں اور حامیوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے ریاستی سطح سے لے کر ضلع، بلاک اور بوتھ سطح تک تنظیم کو متحرک کرنے کی حکمتِ عملی تیار کی جائے گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ "ووٹ چوری” اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر اپوزیشن جماعتیں متحد اور متحرک ہیں۔ اسی سلسلے میں یکم نومبر کو ایک بڑی ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔