اننت ناگ میں کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کی جائیدادیں ضبط
معلوم ہوا ہے کہ ضبط شدہ جائیداد میں اننت ناگ کے سرسائی میں 16مرلہ زمین اور اننت ناگ میں چھ کانل ، اننت ناگ میں دس مرلہ کے علاوہ ضلع میں دیگر جائیدادیں بھی شامل ہیں۔
سری نگر: جموں وکشمیر کی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے ہفتے کے روز جنوبی ضلع اننت ناگ میں جماعت اسلامی کی جائیدادوں کا پتہ لگا کر اُنہیں ضبط کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ (یو اے پی اے) کی شق 8 کے تحت ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ نے ممنوع تنظیم جماعت اسلامی کی جائیدادوں کو ضبط کیا۔
انہوں نے کہاکہ ضبط شدہ جائیداد میں شاپنگ کمپلیکس، باغات، زرعی اراضی اور رہائشی مکان، ایک کنال چار مرلہ اراضی جس میں دو منزلہ عمارت اور فلاح عام ٹرسٹ کا دفتر بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ رکھ مومن میں 30کنال ایک مرلہ اراضی، سروے نمبر 797کے تحت جنوبی ضلع اننت ناگ کے مٹن میں 12مرلہ اراضی پر ایک دو منزلہ رہائشی مکان بھی شامل جو خسرہ نمبر 2222کے تحت جماعت اسلامی کے نام پر تبدیل کیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ضبط شدہ جائیداد میں اننت ناگ کے سرسائی میں 16مرلہ زمین اور اننت ناگ میں چھ کانل ، اننت ناگ میں دس مرلہ کے علاوہ ضلع میں دیگر جائیدادیں بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے نے دس نومبر کو جنوبی ضلع شوپیاں میں بھی جماعت اسلامی سے وابستہ کروڑوں روپیہ مالیت کی جائیداد کو ضبط کیا تھا۔