سعودی عرب میں حجاج کرام کیلئے 5000 ٹیکسیوں کی فراہمی
سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت نے حجام کرام کی سہولت کے لئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔
مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت نے حجام کرام کی سہولت کے لئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے حجام کرام کی خدمت کے لئے 5,000 سے زیادہ ٹیکسیاں فراہم کی ہیں۔ اس سہولت کا مقصد حجاج کرام کو بیت اللہ کا ایک مثالی سفر فراہم کرنا ہے۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق ٹیکسیوں میں ٹرپ کی لائیو ٹریکنگ اور الیکٹرانک میٹر کے علاوہ ادائیگی کے متعدد طریقوں کی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک ادائیگی بھی اس کی سہولیات کا حصہ ہے۔ لائسنس یافتہ حجام کرام کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق ریگولر کیریئر مسافروں کو ایک مثالی اور محفوظ تجربہ فراہم کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔ دوران سفر الیکٹرانک میٹر کو فعال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اگر کسی ٹیکسی میں مطلوبہ سہولیات موجود نہیں ہوں گی تو مسافر کو مفت سروس فراہم کی جائے گی۔اس کے ساتھ ساتھ ٹیکسی ڈرائیور کو ڈیوٹی کے دوران خصوصی جیکٹ پہننا اور عازمین حج کے ساتھ خاص حسن سلوک کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حج سیزن 2024 کے لیے اتوار دو جون تک فضائی، بحری اور زمینی راستے سے 9 لاکھ 35 ہزار966 عازمین کی مملکت میں آمد ہوچکی ہے۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ وہ عازمین کے داخلے کو آسان بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے، 8 لاکھ 96 ہزار287 عازمین فضائی راستے، 37 ہزار 280 زمینی اور دو ہزار 399 بحری راستے سے مملکت میں داخل ہوچکے ہیں۔
قبل ازیں ’جوازات‘ کے ترجمان میجر ناصر العتیبی کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کی خدمت کیلیے 138 زبانوں میں فوری ترجمہ کرنے کی ڈیوائسز فراہم کردی گئی ہیں۔