قالیباف: ایران کی سات شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جون میں طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت میں بیان کردہ ایران کی سات شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولی جائے گی۔
تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جون میں طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت میں بیان کردہ ایران کی سات شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولی جائے گی۔
نور نیوز کے مطابق قالیباف نے اتوار کو کہا کہ امریکہ نے حال ہی میں ایک ثالث کے ذریعے کچھ تجاویز پیش کی ہیں، تاہم تہران یکطرفہ مطالبات قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف واضح اور ناقابل تغیر ہے۔
قالیباف نے کہا کہ ایران کے سات مطالبات پورے ہونے تک آبنائے ہرمز کھولنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کے بقول ایران نے واضح کر دیا ہے کہ مذاکرات کے عمل کو طول دینے یا یکطرفہ شرائط عائد کرنے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اتوار کو کہا کہ امریکہ کے ساتھ تنازع حل کرنے کے لیے تہران کی پیش کردہ تجویز قبول ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز سات دن کے اندر دوبارہ کھولی جا سکتی ہے۔