تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان
دوسری طرف گزشتہ پانچ دنوں سے بارش میں کمی کے باعث ریاست میں درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے دس اضلاع میں بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کی وجہ سے اوسط بارش کی شرح بھی گھٹ رہی ہے۔
حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بدھ کو تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے۔ بتایا گیا کہ شمال مغربی خلیج بنگال میں بننے والا سطحی دباؤ اگلے 24 گھنٹوں میں کم دباؤ کے علاقہ میں تبدیل ہوسکتا ہے ۔
اس کے اثر سے بھدرادری کتہ گوڈم، جئے شنکر بھوپال پلی، محبوب آباد، ملگ، ورنگل اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں (30 تا 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار) کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ اوسط درجہ کی بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری طرف گزشتہ پانچ دنوں سے بارش میں کمی کے باعث ریاست میں درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے دس اضلاع میں بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کی وجہ سے اوسط بارش کی شرح بھی گھٹ رہی ہے۔
رواں ماہ کی 18 تاریخ تک معمول سے 14 فیصد زائد بارش ریکارڈ ہوئی تھی، تاہم بارش میں کمی کے بعد یہ شرح گھٹ کر پیر تک 9 فیصد منفی ہوگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق نرمل ضلع میں سب سے زیادہ 44 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ اسی طرح پدا پلی میں 21 فیصد، جئے شنکر بھوپال پلی اور نلگنڈہ میں 13، نظام آباد ضلع میں 12، منچریال میں 10، سنگاریڈی میں 6 اور میڑچل ملکاجگری میں 4 فیصد بارش کی کمی نوٹ کی گئی ہے۔