رمضان المبارک‘ اللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع: مولانا احسن بن عبد الرحمن الحمومی
شہر حیدرآباد میں ماہِ مقدس رمضان المبارک کے چوتھے جمعہ کی نماز نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی۔ شہر کی مختلف مساجد میں فرزندانِ توحید کی بڑی تعداد نے شرکت کی
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) شہر حیدرآباد میں ماہِ مقدس رمضان المبارک کے چوتھے جمعہ کی نماز نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی۔ شہر کی مختلف مساجد میں فرزندانِ توحید کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ تاریخی شاہی مسجد باغِ عام میں بھی نمازیوں کا بڑا اجتماع دیکھنے میں آیا جہاں امام و خطیب مولانا احسن بن عبد الرحمن الحمومی نے نمازِ جمعہ کی امامت و خطابت کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے مسلمانوں کو اسلام کے راستے اور حضور اکرم حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیمات پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک محض روزوں اور عبادات کا مہینہ نہیں بلکہ یہ انسان کی روحانی تربیت، نفس کی اصلاح اور اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح مسلمان رمضان میں تقویٰ، صبر، عبادت اور نیکی کی طرف خصوصی توجہ دیتے ہیں، اسی طرح یہ اوصاف سال بھر ان کی زندگی کا حصہ بننے چاہئیں کیونکہ ایک سچا مومن وہی ہے جو ہر حال میں اللہ کے احکام اور رسول اکرم کی سنتوں پر عمل پیرا رہے۔
مولانا احسن بن عبد الرحمن الحمومی نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں موجود غریبوں، محتاجوں اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنا اسلامی تعلیمات کا اہم تقاضا ہے لہٰذا صاحبِ استطاعت مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ دل کھول کر زکوٰۃ، صدقات اور خیرات ادا کریں تاکہ مستحق افراد کی مشکلات کم ہوں اور معاشرے میں عدل و مساوات کو فروغ ملے۔
انہوں نے فضول خرچی، نمود و نمائش اور غیر ضروری اخراجات سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سادگی اختیار کرنا اور اپنی دولت کو فلاحی کاموں میں صرف کرنا ایک مسلمان کی حقیقی پہچان ہے۔
مولانا نے موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے مسلمانوں کو اتحاد، صبر اور باہمی اخوت کو مضبوط بنانے کی نصیحت کی اور کہا کہ امتِ مسلمہ کو چاہئے کہ وہ اختلافات سے بچتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور ہمدردی کا مظاہرہ کرے اور دین اسلام کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرے۔
خطبہ کے اختتام پر انہوں نے عالمِ اسلام میں امن و سلامتی، ملک و ملت کی خوشحالی، مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور انسانیت کی بھلائی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔