سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظرآ گیا
حوطہ سدیر میں اعلیٰ سطح اجلاس کے علاوہ مملکت کے مزید سات مقامات پر بھی رویتِ ہلال کے اجلاس منعقد ہوئے، جن میں محکمہ موسمیات اور فلکیات کے ماہرین شریک تھے۔ سعودی میڈیا کے مطابق اس بار پہلی مرتبہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بھی چاند کی رویت کی گئی۔
ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے۔ چاند کی رویت کے لیے منعقدہ مرکزی اجلاس کے بعد سعودی سپریم کورٹ نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ چہارشنبہ 18 فروری 2026 کو مملکت میں یکم رمضان ہوگا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی سعودی عرب میں روزوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تمیر، سدیر اور دیگر شہروں سے چاند نظر آنے کی معتبر شہادتیں موصول ہوئیں۔
حوطہ سدیر میں اعلیٰ سطح اجلاس کے علاوہ مملکت کے مزید سات مقامات پر بھی رویتِ ہلال کے اجلاس منعقد ہوئے، جن میں محکمہ موسمیات اور فلکیات کے ماہرین شریک تھے۔ سعودی میڈیا کے مطابق اس بار پہلی مرتبہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بھی چاند کی رویت کی گئی۔
دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں ہوگا، جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے۔
دنیا بھر میں رمضان المبارک کی آمد کے پیشِ نظر مسلمان بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ کئی ممالک نے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پہلے روزے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ بیشتر ممالک میں حتمی اعلان سرکاری رویتِ ہلال کمیٹیوں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
ایشیا میں انڈونیشیا، ترکی، ملائیشیا اور سنگاپور نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ جمعرات 19 فروری 2026 کو رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔ سنگاپور کے مفتی کے مطابق ہلال نظر نہ آنے کے بعد یہ اعلان فلکیاتی اور مذہبی مشاہدات کی روشنی میں کیا گیا۔
خلیجی ممالک میں عمان رمضان المبارک کی تصدیق کرنے والا پہلا جی سی سی ملک بنا، جہاں مرکزی کمیٹی نے اعلان کیا کہ جمعرات 19 فروری کو یکم رمضان ہوگا اور بدھ کو شعبان کا مہینہ مکمل ہوگا۔
یورپ میں فرانس نے بھی اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک جمعرات 19 فروری سے شروع ہوگا۔ فرانسیسی کونسل آف مسلم فیتھ کے مطابق یہ فیصلہ فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اسی طرح یورپی کونسل برائے فتویٰ و تحقیق (ECFR) نے بھی 19 فروری کو یکم رمضان قرار دیا ہے۔
افریقا کے بیشتر ممالک میں بھی توقع ہے کہ رمضان المبارک 19 فروری سے شروع ہوگا۔ جبکہ آسٹریلیا کی قومی امامس کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں رمضان المبارک 19 فروری سے ہوگا۔
شمالی امریکہ میں فقہ کونسل آف نارتھ امریکا (FCNA) اور اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا (ISNA) نے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک 18 فروری 2026 سے شروع ہوگا۔
مجموعی طور پر دنیا کے مختلف خطوں میں رمضان المبارک کے آغاز کی تاریخوں میں ایک دن کا فرق دیکھنے میں آ رہا ہے، تاہم ہر جگہ مسلمان اس مقدس مہینے کے استقبال کے لیے روحانی جوش و جذبے کے ساتھ تیار ہیں۔