رام دیو‘ پتنجلی کے نام پر نقلی گھی فروخت کررہا ہے: بی جے پی لیڈر
شرن سنگھ نے کہا کہ کمزور کا بچہ کمزور پیدا ہوتا ہے اور صحت مند شخص کا بچہ صحت مند ہوتا ہے۔ صحت مند رہنے کے لئے صفائی برقرار رکھنا اور گھر میں خالص دودھ اور گھی رکھنا بے حد اہم ہے۔
لکھنو: قیصر گنج کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے یوگا گرو رام دیو پر سخت تنقید کی ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ وہ پتنجلی کے نام پر ”نقلی گھی“ بیچ رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ رام دیو غلط طریقہ سے ”کپال بھاتی“ سکھارہا ہے جس کا اس کے پیروؤں پر منفی اثر مرتب ہورہا ہے۔ برج بھوشن شرن سنگھ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بازار سے گھی خریدنے کے بجائے اپنے گھر میں گائے یا بھینس رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کمزور کا بچہ کمزور پیدا ہوتا ہے اور صحت مند شخص کا بچہ صحت مند ہوتا ہے۔ صحت مند رہنے کے لئے صفائی برقرار رکھنا اور گھر میں خالص دودھ اور گھی رکھنا بے حد اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں عنقریب سادھوؤں اور سنتوں کی ایک میٹنگ طلب کروں گا اور ان سے درخواست کروں گا کہ وہ مہارشی پتنجلی کے نام پر استحصال کو بند کریں۔ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ سنت دودھ سے بنی نقلی مصنوعات کے خلاف میری تحریک کو آشیرواد دیں۔
رام دیو اور اس کے حامی نقلی مصنوعات بازار میں فروخت کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رام دیو نے نقلی گھی سے متعلق ان کے بیان پر انہیں قانونی نوٹس روانہ کی ہے اور معافی مانگنے کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کبھی معافی نہیں مانگوں گا اور اپنی بات پر قائم رہوں گا۔