شمالی بھارت

اترپردیش کے گورنمنٹ ہاسپٹل کے آئی سی یو میں چوہوں کا راج، مریضوں میں خوف وہراس( ویڈیو وائرل)

بعض چوہے مریضوں کے اوپر اور ان کے آس پاس بھی دوڑتے نظر آئے۔ چوہے نہ صرف آکسیجن لائن کے پاس گھوم رہے ہیں بلکہ مریضوں کا سامان، رپورٹ کے کاغذات، بسکٹ اور دیگر اشیاء بھی کتر رہے ہیں۔

پریاگ راج: اتر پردیش کے گوںڈا میڈیکل کالج اسپتال ایک بار پھر سرخیوں میں ہے، لیکن اس بار وجہ علاج نہیں بلکہ اسپتال کے آئی سی یو اور آرتھو وارڈ میں گھومتے بڑے بڑے چوہے ہیں۔ اسپتال کے حساس ترین حصے آئی سی یو میں چوہوں کی موجودگی نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں
خالدہ ضیاء اسپتال سے ڈسچارج
سنبھل فساد عدالتی کمیشن کا کل دورہ
بہرائچ تشدد، فوری کارروائی کی جائے: پرینکا گاندھی
پاتال ایکسپریس کو پٹری سے اتارنے کی کوشش‘ یوپی میں ایک گرفتار
ہتھرس میں بھگدڑ واقعہ، چارج شیٹ داخل

اطلاعات کے مطابق ہڈی وارڈ اور آئی سی یو میں پانچ سے زائد چوہے آکسیجن پائپ لائن کے قریب اور مریضوں کے بستروں پر گھومتے دیکھے گئے۔

بعض چوہے مریضوں کے اوپر اور ان کے آس پاس بھی دوڑتے نظر آئے۔ چوہے نہ صرف آکسیجن لائن کے پاس گھوم رہے ہیں بلکہ مریضوں کا سامان، رپورٹ کے کاغذات، بسکٹ اور دیگر اشیاء بھی کتر رہے ہیں۔

چوہوں کے بڑھتے ہوئے دہشت کے باعث مریض رات کو سوتے وقت بھی خوف میں مبتلا رہتے ہیں کہ کہیں چوہے انہیں کاٹ نہ لیں۔ اسپتال میں چوہوں کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد میڈیکل کالج انتظامیہ کی خوب بدنامی ہو رہی ہے۔

مریضوں کے تیمارداروں کا کہنا ہے کہ چوہے صابن اٹھا کر لے جاتے ہیں، بسکٹ کاٹ دیتے ہیں اور ہر وقت ادھر ادھر کودتے رہتے ہیں۔ بعض اوقات یہ چوہے آکسیجن پائپ کے پاس سے ہوتے ہوئے مریضوں کے بستروں تک پہنچ جاتے ہیں۔

میڈیکل کالج کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی این سنگھ نے ہڈی وارڈ میں چوہوں کی موجودگی کو تسلیم کرتے ہوئے بتایا کہ مسئلے کے حل کے لیے چوہادانیاں لگانے، دواؤں کے چھڑکاؤ اور صفائی کے سخت احکامات دیے گئے ہیں۔ صفائی سپروائزرز کو وارڈ کی باقاعدہ اور گہری صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

انتظامیہ نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لیے بھی سخت قوانین نافذ کیے ہیں۔ اب وزٹنگ آور کے علاوہ ہر مریض کے ساتھ صرف ایک تیماردار کو رہنے کی اجازت ہوگی تاکہ وارڈ میں بھیڑ کم رہے اور گندگی نہ پھیلے۔

اسپتال انتظامیہ پَیسٹ کنٹرول مینجمنٹ کی مدد لینے پر بھی غور کر رہی ہے اور اس سلسلے میں اعلیٰ حکام کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال کی عمارت پرانی ہونے کے باعث یہ مسئلہ پیدا ہو رہا ہے اور مریضوں کو نئی عمارت میں منتقل کرنے کا عمل جاری ہے، جس سے اس مسئلے کے مستقل حل کی امید کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر ڈی این سنگھ نے یقین دلایا ہے کہ کیے گئے اقدامات سے جلد ہی چوہوں کے مسئلے پر قابو پا لیا جائے گا اور مریضوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔