سکندرآباد ڈویژن میں لاکھوں مسافرین کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے آرپی ایف سرگرم
تہواروں کے سیزن میں مسافروں کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے طویل فاصلہ کی ٹرینوں بالخصوص رات کے وقت چلنے والی گاڑیوں میں گشت میں اضافہ کردیاگیا ہے
حیدرآباد : سکندرآباد ڈویژن کی ریلوے پروٹکشن فورس (آرپی ایف) لاکھوں مسافروں کے لئے محفوظ اور پرامن سفر کو یقینی بنانے کے اپنے عزم پر سختی سے کاربند ہے۔ اس مقصد کے لئے ڈویژن بھر میں روزانہ 250 سے زائد ملازمین تعینات کئے گئے ہیں جن کی خصوصی توجہ وجئے واڑہ، وشاکھاپٹنم، چینئی اور دیگر بڑے شہروں کی طرف جانے والی پرہجوم ٹرینوں پر ہے۔
مسافروں کے غیر معمولی ہجوم کو سنبھالنے کے لئے ملازمین کو پلیٹ فارمس، فٹ اوور بریجس اور آمد و رفت کے راستوں پر تعینات کیا گیا ہے جہاں قطاروں کے انتظام کے ذریعہ آمد و رفت کو منظم رکھا جا رہا ہے۔ اسٹیشنوں کے باہر گاڑیوں کے اژدھام کو کم کرنے کے لئے آٹو اور کاروں کے لئے علیحدہ لین بنائی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو بغیر کسی تاخیر کے پک اپ اور ڈراپ کی سہولت مل سکے۔
حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرتے ہوئے داخلہ کے راستوں پر سامان کی اسکیننگ اور چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ آتش گیر یا خطرناک اشیاء کو اندر لے جانے سے روکا جا سکے۔
خواتین کی حفاظت کے لئے خصوصی ٹیمیں اور سی پی ڈی ایس دستے تعینات کئے گئے ہیں جو سادہ لباس میں بھی نگرانی کرتے ہیں تاکہ چوری، ہراسانی اور دیگر جرائم کا فوری تدارک کیا جا سکے۔ اسٹیشنوں کے تمام حساس علاقوں میں ہائی ڈیفینیشن سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جن کی مرکزی کنٹرول روم سے 24گھنٹے نگرانی کی جاتی ہے۔
تہواروں کے سیزن میں مسافروں کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے طویل فاصلہ کی ٹرینوں بالخصوص رات کے وقت چلنے والی گاڑیوں میں گشت میں اضافہ کردیاگیا ہے تاکہ سامان کی چوری اور غیر مجاز داخلہ کو روکا جا سکے۔
سکندرآباد ڈویژن کے سیکیورٹی کمشنر نوین کمار نے اس سلسلہ مین بتایا کہ آر پی ایف کا عملہ مختلف شفٹوں میں 24گھنٹے ڈیوٹی انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ان ملازمین کے خاندان گھروں میں خوشیاں منا رہے ہوتے ہیں اس وقت یہ عہدیدارانتہائی عزم اور استقامت کے ساتھ مسافروں کی خدمت اور سلامتی کے لئے میدان عمل میں ہوتے ہیں۔ آر پی ایف نے آنے والے دنوں میں مسافروں کے مزید ہجوم سے نمٹنے کے لئے پہلے ہی جامع منصوبہ بندی کر لی ہے تاکہ ہر مسافر کا سفر محفوظ اور پریشانی سے پاک ہو۔