انگارا ایرلائنس کا طیارہ حادثہ کا شکار، کوئی مسافر زندہ نہ بچ سکا
روس کا ایک An-24طیارہ جس میں 5بچوں اور 6 ارکانِ عملہ سمیت 49 افراد سوار تھے، جمعرات کے روز پہاڑی علاقہ امورمیں حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں تمام افراد ہلاک ہوگئے۔
ماسکو (آئی اے این ایس) روس کا ایک An-24طیارہ جس میں 5بچوں اور 6 ارکانِ عملہ سمیت 49 افراد سوار تھے، جمعرات کے روز پہاڑی علاقہ امورمیں حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں تمام افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ بدنصیب طیارہ سائبیریا میں قائم’انگارا‘ ایرلائنس کی ملکیت تھا۔ اس نے روس۔چین سرحد کے قریب واقع ٹنڈا کیلئے بلاگوویش چنسک سے اڑان بھری تھی۔ طے شدہ لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے اس کا رابطہ ایرٹرافک کنٹرولرس کے ساتھ منقطع ہوگیا۔
روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی تاس کی اطلاع کے مطابق طیارہ میں بیچ فضاء میں آگ لگ گئی اور یہ راڈار سے غائب ہوگیا۔ بعدازاں بچاؤ کیلئے روانہ کئے گئے ہیلی کاپٹرس کو دور دراز پہاڑی علاقہ میں اس کا جلتا ہوا ملبہ ملا۔
یہ حادثہ ٹنڈا سے تقریباً16 کلومیٹر کے فاصلہ پر پیش آیا۔ امورسنٹرفار سیول ڈیفنس اینڈ فائر سیفٹی کے عہدیداروں نے توثیق کی کہ کوئی بھی زندہ نہیں بچا ہے۔ ایم آئی۔8سرچ ہیلی کاپٹر نے حادثہ کے مقام پر پرواز کی۔ ایک ترجمان نے بتایا کہ طیارہ کے گرنے کے بعد اس میں آگ لگی۔
دشوار گزار علاقہ کی وجہ سے بچاؤ کارروائی میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ یہ طیارہ ایک ناقابل قبول ڈھلان پر گرا ہے۔ یہاں گھنے جنگلات اور دلدلی علاقہ ہے جس کی وجہ سے بچاؤ کوششوں میں مزید پیچیدگی پیدا ہوگئی ہے۔
غائب ہونے سے پہلے طیارہ نے کسی پریشانی کا سگنل بھی نہیں دیا جس کی وجہ سے یہ سوالات پیدا ہوئے ہیں کہ کیا غلطی ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات سے پتہ چلا ہے کہ An-24ٹنڈا ایرپورٹ پر اترنے کی دوسری کوشش کررہا تھا کہ اچانک راڈار سے غائب ہوگیا۔