شمالی بھارت

بنگالی فیشن ڈیزائنر نے ملکہ برطانیہ کیلئے ڈریس ڈیزائن کیا

مغربی بنگال کے ضلع ہگلی کے ایک موضع کی ایک خاتون فیشن ڈیزائنر نے ملکہ برطانیہ کیمیلا کے لئے ڈریس اور شاہ چارلس سوم کے لئے بروچ (گل ِ سینہ) ڈیزائن کیا ہے۔

کولکتہ: مغربی بنگال کے ضلع ہگلی کے ایک موضع کی ایک خاتون فیشن ڈیزائنر نے ملکہ برطانیہ کیمیلا کے لئے ڈریس اور شاہ چارلس سوم کے لئے بروچ (گل ِ سینہ) ڈیزائن کیا ہے۔

شاہی خاندان نے اس کے لئے اس کا شکریہ ادا کیا اور اسے تاج پوشی کی تقریب میں مدعو کیا۔

29 سالہ پرینکا ملک کو امید ہے کہ ویسٹ منسٹر ایبے (لندن) میں منعقد شدنی تقریب میں شاہ اور ملکہ اُس کے اس تحفہ کا استعمال کریں گے۔

پرینکا نے کہا کہ وہ لندن نہیں جاسکتی کیونکہ علالت کی وجہ سے ڈاکٹروں نے اسے گھر سے باہر نہ نکلنے کو کہا ہے۔

اس نے شاہی خاندان کے نمائندوں سے ربط پیدا کیا تھا اور ملکہ کے لئے لباس ڈیزائن کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

اس نے ڈیزائن بھیجا جسے شاہی خاندان نے پسند کیا اور توصیف نامہ بھیجا۔

دوسری طرف منفی پہلو یہ ہے کہ پرینکا کے گاؤں میں کسی نے بھی اس کو اس کے لئے مبارکباد نہیں دی‘ شاید انہیں اس کا پتہ ہی نہیں۔

پرینکا نے سنگور گولپ موہنی گرلز ہائی اسکول سے 12 ویں جماعت کامیاب کرنے کے بعد اٹلی کی میلان یونیورسٹی سے آن لائن فیشن ڈیزائننگ میں گریجویشن کیا۔

اس نے ماسٹرس کی ڈگری بھی وہیں سے لی۔ 2019 اور 2020 میں اسے میلان میں 2 ایوارڈس ملے اور 2022 میں ہندوستان میں ایک ایوارڈ حاصل ہوا۔