مشرق وسطیٰ

مسجد الحرام میں افسوسناک واقعہ، ایک شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ دی (ویڈیو وائرل)

سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ سے ایک افسوسناک واقعے کی اطلاع ملی ہے، جہاں مسجد الحرام میں ایک شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی جان لینے کی کوشش کی۔ یہ واقعہ جمعرات، 25 دسمبر کو پیش آیا، تاہم مسجد الحرام میں تعینات خصوصی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑے سانحے کو ٹال دیا۔

ریاض: سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ سے ایک افسوسناک واقعے کی اطلاع ملی ہے، جہاں مسجد الحرام میں ایک شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی جان لینے کی کوشش کی۔ یہ واقعہ جمعرات، 25 دسمبر کو پیش آیا، تاہم مسجد الحرام میں تعینات خصوصی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑے سانحے کو ٹال دیا۔

متعلقہ خبریں
اردو اکیڈمی جدہ کا گیارہواں سہ ماہی پروگرام شاندار انداز میں منعقد، تمثیلی مشاعرہ اور طلبہ کی پذیرائی
شادی کے دو گھنٹے بعد دولہے نے دی جان
سعودی عرب میں میڈیکل و انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم کے مواقع پر IIPA کا رہنمائی سیشن
ادبی فورم ریاض کا مشاعرہ بہ یاد تابش مہدی مرحوم
ڈاکٹر سید انور خورشید کو پریواسی بھارتیہ سمان 2025 ایوارڈ ملنےپر تہنیتی جلسہ

تفصیلات کے مطابق جیسے ہی وہ شخص بالائی حصے کے کنارے کی طرف بڑھا، وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر صورتحال کو بھانپ لیا اور مداخلت کی۔ اس دوران ایک سیکیورٹی گارڈ نے فرض شناسی اور انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس شخص کو زمین پر گرنے سے روکنے کی کوشش کی، تاہم اس جدوجہد میں وہ خود زخمی ہو گیا۔

سعودی حکام کے مطابق زخمی سیکیورٹی اہلکار کو ہڈیوں میں فریکچر آیا ہے، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ واقعے میں ملوث شخص اور زخمی سیکیورٹی اہلکار دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

مکہ ریجن کی امارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ مسجد الحرام کی سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو مکمل طور پر قابو میں لے لیا اور تمام قانونی کارروائیاں مقررہ ضابطوں کے مطابق انجام دی گئیں۔ حرم سیکیورٹی فورسز نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گزاروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت بروقت اقدامات کیے گئے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی وہ شخص کنارے کی جانب بڑھا، سیکیورٹی اہلکار فوراً حرکت میں آ گئے، جس کے نتیجے میں کسی بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہوا اور مسجد میں موجود عبادت گزار محفوظ رہے۔

ادھر مسجد الحرام کے چیف امام شیخ عبد الرحمن السدیس نے واقعے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے زائرین سے اپیل کی کہ وہ مسجد الحرام کی حرمت کا مکمل احترام کریں، قوانین کی پابندی کریں اور عبادت پر پوری توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے قرآنِ کریم کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:

"اور اپنے ہاتھوں خود کو ہلاکت میں نہ ڈالو”

اور اس بات پر زور دیا کہ انسانی جان کی حفاظت اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے۔

سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات یا ملوث شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ مسجد الحرام میں چوبیس گھنٹے سیکیورٹی نگرانی جاری رہتی ہے اور تربیت یافتہ خصوصی یونٹس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔