مہاراشٹرا میں سماج وادی پارٹی کا 12 نشستوں کا مطالبہ (ویڈیو)
سماج وادی پارٹی نے مہاراشٹرا میں اپوزیشن مہاوکاس اگھاڑی(ایم وی اے) کاحصہ ہونے کے ناطہ 12 نشستیں مانگی ہیں۔ پارٹی سربراہ اکھلیش سنگھ یادو نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔
دھولیہ (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی نے مہاراشٹرا میں اپوزیشن مہاوکاس اگھاڑی(ایم وی اے) کاحصہ ہونے کے ناطہ 12 نشستیں مانگی ہیں۔ پارٹی سربراہ اکھلیش سنگھ یادو نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔
مہاوکاس اگھاڑی نے اپنا نشستوں کی تقسیم کا فارمولہ ابھی تک سامنے نہیں لایا ہے۔ شمالی مہاراشٹرا کے ضلع دھولیہ میں میڈیا سے بات چیت میں اکھلیش یادو نے کہا کہ ان کی پارٹی 5 حلقوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی وہ جماعت ہے جو چند نشستوں پر اکتفا کرلیتی ہے۔
ہم نے 12 نشستیں مانگی ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے ان نشستوں کی تفصیل فراہم کی جہاں اس کا زبردست اثر ہے۔ ہفتہ کے دن سماج وادی پارٹی نے دھولیہ شہر سے ارشاد جاگیردار کی امیدواری کا اعلان کیا۔ وہ پارٹی کے پانچویں امیدوار ہیں۔
سماج وادی پارٹی نے جمعہ کے دن اعلان کیا تھا کہ بھیونڈی مشرق سے موجودہ رکن اسمبلی رئیس شیخ‘ بھیونڈی مغرب سے ریاض اعظمی‘ مالیگاؤں سنٹرل سے شانِ ہند امیدوار ہوں گے۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر ابوعاصم اعظمی‘ شیواجی نگر۔ مانخورد موجودہ رکن اسمبلی ہیں۔
اکھلیش یادو نے جمعہ کے دن مالیگاؤں میں اور ہفتہ کے دن دھولیہ میں ریالیوں سے خطاب کیا۔ پی ٹی آئی سے بات چیت میں ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ ہم 5 امیدواروں کا اعلان کرچکے ہیں تاکہ مہاوکاس اگھاڑی کو پتہ چلے کہ ہم یہاں کافی مضبوط ہیں۔ ہم نے بتادیا ہے کہ ہم وہ حلقے مانگ رہے ہیں جہاں ہم کافی مضبوط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس 1999 سے بھیونڈی ایسٹ کی نشست جیت نہیں پائی۔ یہاں صرف ہم جیت رہے ہیں۔ کانگریس کو بعد میں ہریانہ جیسا پچھتاوا نہیں ہونا چاہئے۔ ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی قائدین نے ان سے بات چیت کی ہے اور نشستوں کے تعلق سے تیقن دیا ہے۔ مہاراشٹرا میں رائے دہی 20 نومبر کو ہوگی۔