سعودی عرب، 12 سو سے زائد پروازیں عازمین کو لے کر مدینہ پہنچ گئیں
حج پروازوں کا سلسلہ مدینہ منورہ سے شروع ہوا تھا جس کے بعد گزشتہ ہفتے سے جدہ ایئرپورٹ، بندرگاہ اور بذریعہ بس مختلف ممالک کے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں دنیا کے مختلف ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختلف ممالک سے براہ راست عازمین حج پہنچ رہے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے الاخباریہ چینل کی رپورٹ کے مطابق اب تک مختلف ممالک سے 1269 بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے عازمین کی یہاں آمد ہوچکی ہے، جنہیں مدینہ منورہ میں چند روز قیام کے بعد مکہ مکرمہ پہنچایا جائے گا۔
حج پروازوں کا سلسلہ مدینہ منورہ سے شروع ہوا تھا جس کے بعد گزشتہ ہفتے سے جدہ ایئرپورٹ، بندرگاہ اور بذریعہ بس مختلف ممالک کے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے وہ عازمین حج جن کی آمد مدینہ منورہ ہوتی ہے وہ فریضہ کی ادائیگی کے بعد جدہ کے حج ٹرمنل سے اپنے اپنے ممالک لوٹ جاتے ہیں۔
جدہ حج ٹرمنل پر آنے والے عازمین کی حج کے بعد واپسی مدینہ منورہ سے کی جاتی ہے۔ بعداز حج مدینہ منورہ آنے والے حجاج کرام کی واپسی شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ سے ہوتی ہے۔
دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں غیر قانونی طور پر داخلے پر سزاؤں کا نفاذ اتوار 2 جون سے شروع ہوجائے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مذکورہ تاریخ کے بعد پر وہ شخص جو اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں پکڑا جائے گا، اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مذکورہ تاریخ کے بعد اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخلہ غیر قانونی تصور کیا جائے گا، جس کی سزا 10 ہزار ریال جرمانہ ہے جبکہ غیر ملکی کو ملک سے بیدخل کرکے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔