حیدرآباد

حیدرآباد کے میڈیکل کالج میں داخلہ دلانے کا جھانسہ، 2 گرفتار

مہاراشٹراکے ضلع واشیم کی ممگور پیر پولیس نے حیدرآبادکے ایک میڈیکل کالج میں داخلہ دلانے کا جھانسہ دے کر مقامی (مہاراشٹرا)طالبہ کے والد سے 14 لاکھ روپے حاصل کرنے کے الزام میں ایک ڈاکٹر اور اس کے ساتھی کوحیدرآبادسے گرفتار کرلیا

حیدرآباد: مہاراشٹراکے ضلع واشیم کی ممگور پیر پولیس نے حیدرآبادکے ایک میڈیکل کالج میں داخلہ دلانے کا جھانسہ دے کر مقامی (مہاراشٹرا)طالبہ کے والد سے 14 لاکھ روپے حاصل کرنے کے الزام میں ایک ڈاکٹر اور اس کے ساتھی کوحیدرآبادسے گرفتار کرلیا

جبکہ ڈاکٹر کی اہلیہ مفروربتائی گئی ہے۔ ممگور پیر پولیس کے مطابق پٹن چیرو کے رہنے والے ڈاکٹر سید احتشام‘ ان کی اہلیہ عائشہ انعامدار احتشام علی کے علاوہ محمدمحبوب وسیم نے ممگورپیر کے رہنے والے محمدذاکرعرف محمد اسحق کی دختر کو وی آر کے میڈیکل کالج فارویمن حیدآباد میں ایم بی بی ایس میں داخلہ دلانے کا وعدہ کیا۔

پہلے ان تینوں نے جملہ 27 لاکھ روپے میں ایم بی بی ایس میں داخلہ دلانے کا جھانسہ دیکر وی آر کے کالج کے نام پر14لاکھ روپے کا ڈی ڈی بنانے کے لئے سیداحتشام علی کے اکاؤنٹ میں 4 لاکھ روپے‘عائشہ انعامدار کے اکاؤنٹ میں 4.5 لاکھ روپے اورمحمدمحبوب وسیم کے اکاونٹ میں 5.5 لاکھ روپے منگوائے۔

ان تینوں کا کہنا تھا کہ 14لاکھ روپے تو کالج کو ادا کئے جائیں گے۔انہوں نے باقی رقم ہمارے اکاونٹ میں منتقل کرنے کوکہا۔یہ واقعہ نومبر اور دسمبر 2023 کا ہے۔محمدذاکر سے رقم حاصل کرنے کے بعدانہیں یہ بتایا گیا کہ امیدوارہ کا کالج میں داخلہ ہوچکا ہے جس پر ذاکرنے کالج انتظامیہ سے ربط کیا توانہیں پتا چلاکہ داخلہ ہواہے اورنہ ہی ان کی لڑکی کے داخلہ کے بارے میں انتظامیہ کو کوئی اطلاع ہے۔

پھر ذاکر نے ڈاکٹر احتشام سے ربط کیا تو انہوں نے کہاکہ باقی رقم ادا کرنے کے بعد ہی داخلہ کا عمل مکمل ہوگا۔جس پر محمدذاکر نے اپنی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا تویہ تینوں ٹال مٹول کرنے لگے۔ذاکر نے ممگورپیر پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کی شکایت درج کروائی۔

پولیس نے مارچ 2024 میں کرائم نمبر 0157/2024کے تحت ایف آئی آر درج کرلی۔ آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت ان تینوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس نے پہلے ان تینوں کونوٹس جاری کی۔ اس کے بعد چنددن قبل پولیس نے ڈاکٹر سید احتشام علی اور محمدمحبوب وسیم کوگرفتار کرلیا اور انہیں مہاراشٹرا کی ایک عدالت میں پیش کیاجہاں مجسٹریٹ نے ان دو ملزمین کو پولیس تحویل میں دے دیاجبکہ پولیس کو مفرور ملزمہ عائشہ انعامدار کی تلاش ہے۔