تلنگانہ

تلنگانہ میں 16مارچ سے 23 اپریل تک اسکولس نصف دن کام کریں گے

تلنگانہ بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور تپش کے پیش نظر محکمہ تعلیمات نے 16 مارچ سے 23 اپریل تک تمام اسکولوں کو نصف دن تک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ نئے اوقات کے مطابق تمام سرکاری و خانگی اسکول صبح 8 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک کام کریں گے۔

حیدرآباد: تلنگانہ بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور تپش کے پیش نظر محکمہ تعلیمات نے 16 مارچ سے 23 اپریل تک تمام اسکولوں کو نصف دن تک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ نئے اوقات کے مطابق تمام سرکاری و خانگی اسکول صبح 8 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک کام کریں گے۔


سرکاری اور مقامی اداروں کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں میں طلبہ کو دوپہر 12:30 بجے کھانا فراہم کرنے کے بعد گھر روانہ کر دیا جائے گا۔


ایسے اسکول جہاں دسویں جماعت کے امتحانی مراکز قائم ہیں وہاں تدریسی عمل دوپہر ایک بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا کیونکہ صبح کے سیشن میں امتحانات منعقد ہوں گے۔

ان مراکز والے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو پہلے دوپہر کا کھانا کھلایا جائے گا اور اس کے بعد کلاسس شروع ہوں گی۔ امتحانات کے اختتام کے بعد یہ اسکول بھی دوبارہ اپنے معمول کے وقت صبح 8 سے دوپہر 12:30 بجے پر واپس آ جائیں گے۔


تعلیمی سال کی تکمیل پر 24 اپریل سے 11 جون تک گرما کی تعطیلات رہیں گی اور نئے تعلیمی سال 27-2026 کا آغاز 12 جون سے ہوگا۔